راولپنڈی:آرمی چیف کا دورہ بحرین، کمانڈرنیشنل گارڈ اورسیکیورٹی ایڈوائزرسےملاقات ،اطلاعات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ بحرین کے دوران کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ اور سیکیورٹی ایڈوائزر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بحرین کی عسکری قیادت کیساتھ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف نے سیکیورٹی، تربیت اور صلاحیت بڑھانے کیلئے بحرین کی قیادت کو تعاون کی پیشکش کی۔ اس موقع پر وفود کی سطح پر بات چیت میں افغان امن عمل پر بھی غور کیا گیا۔
دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان بارڈر سیکیورٹی اور افغان امن عمل میں سہولت سے متعلق امور پر بھی غور آئے۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ملاقات میں شریک تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کاملیوف نے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں خطے کی سیکورٹی کی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور افغان امن عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں قائدین نے خطے میں امن واستحکام کے لئے باہمی تعلقات مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ازبک وزیر خارجہ عبدالعزیز کاملیوف نے خطے میں امن واستحکام کے لئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ ازبک وزیر خارجہ نے دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا