جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا ریاست قطر کا سرکاری دورہ
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، اپنے سرکاری دورے کے دوران ریاست قطر پہنچے، جہاں انہوں نے قطر کے نائب وزیرِ اعظم شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی اور وزیرِ دفاع، سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاکستان اور قطر کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا اور دفاعی و سیکیورٹی کے شعبوں میں فوجی سطح پر تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر قطر کی قیادت نے پاکستان کی جانب سے خطے میں استحکام کے قیام میں مثبت کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کی قدر کی۔
اس سے قبل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا قطر کی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں قطری فوج کے دستے نے انہیں "گارڈ آف آنر” پیش کیا۔دونوں جانب سے خطے میں پائیدار امن کے قیام اور باہمی دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔