جنرل باجوہ ہمیشہ سول اداروں کو مضبوط بنانے کی بات کرتے ہیں، فواد چوہدری

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جنرل باجوہ ہمیشہ سول اداروں کو مضبوط بنانے کی بات کرتے ہیں، آرمی ایکٹ میں ترامیم اور معاشی امور پر اتفاق رائے سے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے اداروں کے درمیان نئے میثاق کی بنیاد رکھنے کی ضرورت ہے، جب تک اداروں کے درمیان توازن نہیں ہوگا پاکستان آگے نہیں بڑھے گا ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ادارے اپنا اختیار بڑھانے کو مد نظر رکھے ہوئے ہیں، سیاسی استحکام کے لئے اپوزیشن کا کردار تسلیم کرنا ہوگا ۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے بننے میں اسٹوڈنٹس یونینز کا اہم کردار ہے.
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاسی منظرنامے میں ارتعاش ہے، اداروں کو اختیارات کی لڑائی نہیں، اختیارات کا توازن رکھنا چاہیے۔ ملک میں اداروں کے درمیان ایک نئے میثاق کی ضرورت ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترامیم پراتفاق رائے سے آگے بڑھنا ہو گا، دونوں ایوانوں کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے، پارلیمنٹ کو بحیثیت ادارہ تسلیم اور اپوزیشن کا کردار بھی ماننا چاہیے، ملکی مسائل ایک ادارہ یاشخص حل نہیں کر سکتا، وزیراعظم چاہتے ہیں ادارے ایک دوسرے کا احترام کریں۔

Shares: