راولپنڈی (اے پی پی)لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے شہر و کینٹ میں غیر قانونی مذبح خانوں کی بھرمار ہو گئی اور شہریوں کو مضر صحت گوشت کھلایا جانے لگا۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق شہرو کینٹ کے مختلف علاقوں میں گھروں میں مذبحہ خانے قائم ہیں جہاں بیمار اور لاغر جانوروں کو بلااجازت ذبح کر کے عوام کو غیر صحت مند گوشت کی فراہمی کی جاتی ہے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ غیر قانونی مذبح خانوں سے متاثرہ محلوں میں گندگی اور تعفن کی وجہ سے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ قصابوں نے مبینہ طور پرسلاٹر ہاوس کی مہریں بھی بنا رکھی ہیں اور ذاتی طور پر ذبح کئے گئے جانوروں پر سلاٹر ھاؤس چکلالہ سمیت دیگر سرکاری سلاٹر ھاؤسز کی جعلی مہریں لگا کر مختلف علاقوں میں گوشت فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ان غیر قانونی مذبحہ خانوں میں چیکنگ کے لئے آنے والی ٹیموں کو ڈرا دھمکا کر بھگا دیا جاتا ہے یا مبینہ طور پر مک مکا کی پالیسی اپنائی جاتی ہے۔واضح رہے کہ 2013میں عوامی شکایات پر ان غیر قانونی مذبحہ خانوں کے خلاف انتظامیہ حرکت میں آئی تھی اور ایک ہی رات میں ناز سینما اور امام باڑہ کے قریب سے 40سے زائد مذبحہ خانوں اور باڑوں سے 3ہزار سے زائد جانور پکڑے گئے تھے۔ گذشتہ تین سال سے اڈیالہ روڈ سمیت شہر بھر میں ایک بار پھر غیر قانونی مذبحہ خانے کھل گئے ہیں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے گذشتہ ڈیڑھ برس سے مضرصحت گوشت کی روک تھام کے لئے مانیٹرنگ سسٹم غیر فعال ہے اور سرگودھا، جھنگ، منڈی بہاولدین سے بدستور مضر صحت گوشت کی سپلائی ہو رہی ہے۔

Shares: