غریب عوام کے لئے بری خبر، پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 35 فیصد اضافہ کر دیا ۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 35 فیصد اضافہ کر دیا ہے، کرایوں میں اضافے کے حوالہ سے منظوری ہونے والی سمری کے مطابق کارپٹ سڑک پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کا کرایہ فی کلومیٹر 93 پیسے سے بڑھا کر 1 روپے 23 پیسے، کچی سڑکوں پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کا کرایہ فی کلومیٹر 98 پیسے سے بڑھا کر 1 روپے 30 پیسے جبکہ ویگن اور منی بسوں کے کرایوں میں بھی فی کلومیٹر کے حساب سے بڑھا دئیے گئے ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ پٹرول کے مہنگا ہونے کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے، ایک برس میں پٹرول 28 روپے مہنگا ہوا،وزیراعلیٰ پنجاب نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کی سمری پر دستخط کر دئیے ہیں.
واضح رہے کہ اس سے قبل میٹرو بس کے کرایہ میں 50 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا تھا، میٹرو بس کا کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 30 روپے کر دیا گیا تھا ، میٹرو بس کے کرایوں میں اضافے کے بعد سالانہ سبسڈی میں ایک سے ڈیڑھ ارب روپے کمی ہوگی .پنجاب حکومت میٹرو بسوں پرسالانہ9 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی تھی، بسوں پر اشتہارات لگا کر ان سے آمدن بھی حاصل کی جائے گی .پنجاب حکومت نے جاری منصوبوں پرسبسڈی بھی کم کردی.