ّکہتے ہیں کہ بزدل لوگ اپنی خامیاں ہمیشہ دوسروں پر ڈال کر اپنے آپ کو بہت بہادر سمجھتے ہیں ۔ ایسی ہی کچھ چالاکیاں پاکستانی قوم کو اپنے حکمرانوں کی طرف سے دیکھنے کو ملتی ہیں اور صرف ایک دو بار نہیں بلکہ بار بار ، آٸے دن پاکستانی حکمران اپنی عوام کو بے وقوف بناتے ہیں اور اس میں قصور وار صرف حکمران نہیں بلکہ عوام میں سے ایسے لوگ بھی اس بات کے ذمہ دار ہیں جو چند ٹکوں کے عوض اپنی خودی اور ضمیر بیچ کر ایسے حکمرانوں کا دفاع کرتے ہیں اور ایسے حکمرانوں کے دفاع میں زمین آسمان ایک کر دیتے ہیں یہاں تک کہ ایسے لوگوں کو اپنے لیڈروں کا دفاع کرنے کے لیے ان حکمرانوں کی گستاخیوں کا دفاع بھی کرنا پڑتا ہے ۔ کاش چند ٹکوں کے عوض بکنے والے یہ چند نام نہاد مسلمان سمجھ لیں کہ اگر یہ لوگ بکنے کی بجاٸے بروقت اپنے لیڈروں کے گریبان میں ہاتھ ڈال لیں تو امت کی بیٹیاں کبھی کفار کے ہاتھوں اپنی عزتیں نا کھوٸیں ، کبھی ننھے منے مسلمان بچے کفار کے ظلم و ستم کا شکار نہ ہوں ، کبھی کوٸی مسلمان ماں اپنے جوان بیٹے کی شہادت پر اپنے بیٹے کی کٹی پھٹی لاش دیکھ کر کسی محمد بن قاسم کی راہ نہ تک رہی ہو۔ لیکن ہم مسلمانوں کی ہمیشہ سے یہ بدقسمتی رہی ہے کہ چند مسلمان اپنے ضمیر کفار کے ہاتھوں گروی رکھ کر پوری امت کی بیٹیوں کی عزتوں کا سودا کر دیتے ہیں ، پوری امت کے جوانوں کے خون کا سودا کر دیتے ہیں اور پھر امت مسلمہ کے خون کا سودا کرتے ہوٸے یہ بھی نہیں سوچتے کہ دنیا ان کم ظرف لوگوں کو غدار کہے گی ، ان کی اوقات پر ان کی پیٹھ پیچھے ہنسے گی ، یہ لوگ ایسا کیوں نہیں سوچتے کہ کل قیامت کے دن ان کے گریبان ہوں گی اور امت کی بیٹیوں کے ہاتھ ہوں گے ، جہاں انہیں ایک ایک پاٸی کا حساب دینا ہوگا ۔

کل سوشل میڈیا پر ایک ہیش ٹیگ ” غدار کشمیر نواز شریف ” دیکھنے کو ملا ۔ میں تمام پاکستانیوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا کشمیریوں سے غداری صرف نواز شریف نے کی ہے ؟ کیا ان لوگوں نے کشمیر سے غداری نہیں کی جو باری باری ہماری افواج کے سربراہ بنے ، جنہیں اللہ پاک نے دنیا کی بہترین ، طاقت ور ترین فوج کا سربراہ بنایا ، انہوں نے کیا کیا کشمیریوں کے لیے ؟ کوٸی جانتا ہے کہ وہ تمام سربراہ آج کہاں ہیں ؟ ان سربراہوں کی اکثریت اس وقت پاکستان سے باہر ، پاکستان سے کماٸے ہوٸے پیسے پر عیاشی کر رہے ہیں ۔

پاکستان میں نواز شریف کے علاوہ جو حکمران آتے رہے ہیں انہوں نے کشمیری کی آزادی کے لیے کیا کچھ کیا ہے ؟ جو حکمران ابھی امریکہ کی ثالثی کو قبول کر کے آیا ہے کشمیر کے حوالے سے وہ ثالثی تو تمام پاکستانیوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لی ہے ۔ میں پاکستانیوں سے پوچھنا چاہوں گا کہ آخر کشمیر کے ساتھ وفا کی کس نے ہے ؟ آخر کشمیر کا درد محسوس کیا کس نے ہے ؟ آخر کشمیر کی بیٹی کو اپنی بیٹی سمجھا کس نے ہے ؟ آخر کشمیر کے مسلمان کو اپنا بھاٸی سمجھا کس نے ہے ؟ کیا ہم سب نے کشمیر سے غداری نہیں کی ؟ کیا ہم سب کشمیریوں کے مجرم نہیں ؟ کیا کیا ہے ہم نے کشمیریوں کے لیے ؟ کیا ہم نے کبھی ان لیڈروں ان حکمرانوں کے گریبان پکڑے ہیں کہ کیوں تم لوگوں نے اپنی شہہ رگ کو آزادی نہیں دلواٸی ؟ ہم لوگ خود چند پیسوں پربک جانے والے لوگ اپنے لیڈر کی محبت میں کیا کرتے ہیں ۔ ppp والوں نے کہہ دیا عمران خان کشمیریوں کا غدار ہے ، ن لیگ والوں نے کبھی ppp پر تو کبھی عمران خان پر کیچڑ اچھال دیا کہ عمران خاں غدار ہے ، pti والوں نے کہہ دیا کہ نواز شریف غدار ہے ۔ میں قوم سے ہوچھنا چاہوں گا کہ آخر کشمیریوں کے ساتھ وفا نبھاٸی کس نے ہے ؟ ان جعلی لیڈروں نے ، خود غرض جرنیلوں نے ، ہم عوام نے آخر کشمیریوں کے ساتھ غداری کس نے نہیں کی ؟ کیا حکمرانوں نے انڈیا کو فضاٸی حدود بند کر دیں ؟ کیا ہم عوام نے انڈین اشیأ کا باٸیکاٹ کر دیا ؟ ہم وہ لوگ ہیں کہ کشمیر پر تو ٹویٹس پر ٹویٹس کر کے اکاونٹ بلاک کرواتے رہیں گے لیکن فیس کریم لینے جاٸیں گے تو انڈیا کی بنی کریم کی ڈیمانڈ کریں گے ؟ آخر غدار کون نہیں ہے ؟ کیا یہ کشمیریوں سے غداری نہیں کہ اب بھی ہم عملی قدم اٹھانے کی بجاٸے ، اپنے حکمران کو غیرت دلانے کی بجاٸے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال رہے ہیں ، یاد رکھیں غداری تو ہم سب کر رہے ہیں اور یاد رکھیں تاریخ کبھی غداروں کو معاف نہیں کرتی ۔ غداروں کی نسلیں بھی غداری کی سزا بھگتا کرتی ہیں ۔
اب بھی وقت ہے کہ اپنی اپنی انا سے باہر نکلیں اور کشمیر سے وفا نبھاٸیں تاکہ ہماری غداری کی سزا ہماری نسلوں کو نا بھگتنی پڑے ۔ ہمیں اپنے اپنے طور پر کشمیر سے وفا نبھانی ہوگی تاکہ ہماری نسلیں فخر سے سر بلند کر کے کہہ سکیں کہ ہاں ہمارے بزرگ غیرت مند لوگ تھے ۔

اللہ پاک ہم سب کو غداری سے بچاٸے اور اپنے کشمیری بھاٸیوں سے وفا نبھانے کی توفیق عطا فرماٸے ۔ آمین

Shares: