سعودی عرب میں رواں برس غلافِ کعبہ حج پر تبدیل نہیں کیا جائے گا

مکہ: سعودی عرب میں رواں برس غلافِ کعبہ حج پر تبدیل نہیں کیا جائے گا۔

باغی ٹی وی : سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹرعبدالرحمٰن السدیس نے بتایا کہ ایوان شاہی سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اس سال غلاف کعبہ 10 ذی الحجہ عید الاضحیٰ کو کلید بردار کعبہ کے سربراہ کے حوالے کیا جائے-

ایوان شاہی نے اس سال نیا غلاف یکم محرم کو پرانے غلاف کی جگہ چڑھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اس سے قبل خانہ کعبہ کا غلاف 9 ذی الحجہ کو ہر سال اس وقت تبدیل کیا جاتا تھا جب عازمین میدان عرفات میں وقوف کے لیے جمع ہوتے تھے اور مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوتی تھی۔

واضح رہے کہ مناسک حج کا آغاز کل سے ہوگا کوویڈ کے بعد پہلی بار 10 لاکھ عازمین حج کریں گے دنیا بھر سے سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد مکمل ہوچکی ہے جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے عازمین میں ساڑھے 8 لاکھ غیرملکی بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطا بق دوران حج مسجدالحرام کو دن میں 10 بار دھویا جائےگا اور ہر بار ایک لاکھ 30 ہزار لیٹرجراثیم کُش محلول بھی استعمال کیا جائےگا سعودی عرب نے 45 سال سے کم عمر کی خواتین کوبھی بغیر محرم حج کی اجازت دی ہے۔

علاوہ ازیں صدارتِ عامہ برائےالحرمین الشریفین نے عازمینِ حج وعمرہ اور عام زائرین کی رہ نمائی کے لیے اپنے مُتَرجِمین کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے اور اب اس کے مترجمین شرعی مسائل کے جوابات دینے کے لیے 24 گھنٹے موجودہوں گے۔

صدارتِ عامہ کے شعبہ دعوت وارشاد اور زبان وترجمہ کے مطابق مختلف زبانوں کے 14 نئے مترجمین کا اضافہ کیا گیا ہے اوران کے تقرر کے بعد اب مترجمین کی کل تعداد 27 ہوگئی ہے۔وہ زائرین حرم کومختلف زبانوں میں ترجمے کے لیے دستیاب ہوں گے۔

اس وقت صدارتِ عامہ کے تحت انگریزی، ترکی، اردو، فارسی، فرانسیسی، ہسپانوی، مالے، بنگلہ، انڈونیشی، تامل، پشتو اور ہاؤسا جیسی زبانوں میں مترجمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔عربی زبان کے علاوہ دنیا کی چودہ زبانوں میں شرعی مسائل ومواد کا ترجمہ پیش کیا جارہا ہے اوراب مترجمین عازمین حج وعمرہ کے علاوہ عام زائرین حرم کے سوالات کے جوابات دیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق وہ صدارتِ عامہ کے پروگرام ’’ہم آپ کی زبان میں آپ کی رہ نمائی کرتے ہیں‘‘ کے ذریعے سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔اس پروگرام میں مفت فون کی سہولت کے ذریعے سائلین اپنے شرعی مسائل کا جواب حاصل کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ روبوٹ کے ذریعے بھی ان کی رہ نمائی کی جائے گی۔

Comments are closed.