غسل کعبہ کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے خصوصی طورپر شرکت کی
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غسل کعبہ کی رسم گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے ادا کی،خصوصی دعوت پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری بھی رسم میں شریک ہوئے ،پیر نور الحق قادری نے بھی کعبہ شریف کے اندر داخل ہوکر غسل مبارک میں حصہ لیا،غسل کعبہ عرق گلاب سے معطر آب زم زم سے دیا گیا،خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو خوشبو دار پانی سے معطر کیا گیا،
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نے خانہ کعبہ کے اندر پاکستان اور مسلمہ امہ کے لئے خصوصی دعا کی ،پاکستان کی سلامتی و خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لئے خصوصی دعا کی،
خانہ کعبہ کوایک سال میں 2بار غسل دیا جاتا ہے ،خانہ کعبہ کو 15شعبان المعظم اور15محرم الحرام کو غسل دیاجاتا ہے،حرمین شریفین کی انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ کو غسل دینے کی یہ رسم سعودی مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز کے دور میں شروع کی گئی تھی، بعد میں تمام سعودی فرمانروا اس مبارک رسم کو نبھاتے رہے اور اب موجودہ دور میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی اس رسم کو ادا کر رہے ہیں