گوجرہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) تھانہ نواں لاہور میں تعینات پولیس کانسٹیبل ابراراللہ کے ساتھ مبینہ واردات کی کوشش کرنے والے ڈاکوؤں میں سے ایک اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین مبینہ ڈاکو کانسٹیبل ابراراللہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس گوجرہ فوری طور پر متحرک ہو گئی۔ چک نمبر 415 ج ب کے قریب سیم نالہ کی طرف سے آنے والے ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی اور مکئی کی فصل میں چھپنے کی کوشش کی۔

پولیس نے اضافی نفری طلب کر کے علاقے کو گھیرے میں لیا اور فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں ملا جس نے اپنا نام عدنان ولد فقیر دین سکنہ چک نمبر 312 گ ب بتایا۔ زخمی ملزم کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا ڈاکو ضلع بھر کی پولیس کو سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔ فرار ہونے والے دو ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

Shares: