حکومت کا پاک ایران سرحد پر 6 مارکیٹیں بنانے کا اعلان

اسلام آباد:حکومت کا پاک ایران سرحد پر 6 مارکیٹیں بنانے کا اعلان،اطلاعات کے مطابق وزیرتجارت نوید قمر نے کہا ہے کہ پاک ایران سرحد پر 6 مارکیٹیں بنائی جائیں گی۔

سماء سے خصوصی بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت نوید قمر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ 6 ماہ میں ہوجائے گا، کن اشیاء پر ٹیرف میں کمی ہوگی، فیصلہ باہمی آمادگی سے ہوگا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوشش ہے پاک ایران تجارت بڑھے اور مقامی صنعتیں متاثر نہ ہوں، 3 ماہ میں ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کریں گے۔

وفاقی وزیر تجارت نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران بارڈر پر 6 بارڈر مارکیٹیں بنائی جائیں گی، ایک مارکیٹ کا افتتاح جلد ہوگا، باقی 5 کا بعد میں کریں گے۔

نوید قمر کا مزید کہنا تھا کہ باڑ لگانے سے یہ سلسلہ رک گیا تھا بحالی کیلئے مزاکرات جاری ہیں۔

قبل ازاں ایک تقریب کے دوران غیر رسمی بات کرتے ہوئے وزیر تجارت نوید قمر کا کہنا تھا کہ پاک افغان تجارتی معاہدے میں ٹرک ڈرائیورز کو6 ماہ کا ویزہ ملے گا، دونوں ممالک ہی ٹرک ڈرائیورز کو 6، 6 ماہ کا ویزہ دیں گے، اس سے سامان کی ترسیل میں آسانی ہوگی۔

وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ بھی معاہدہ کرنے جا رہا ہے، ازبکستان سے بھی ٹرک ڈرائیورز کیلئے 6 ماہ کے ویزے کا معاہدہ ہوگا، ٹرک نہ صرف افغانستان بلکہ ازبکستان بھی آجا سکیں گے۔

نوید قمر نے بتایا کہ ٹرکوں کو واہگہ کراس کرنے کی اجازت دینے کی ڈیمانڈ بھی آتی ہے، لیکن بھارت کے ساتھ سیاسی تعلقات ایسے نہیں کہ اجازت دی جائے، اگر بھارت کے ساتھ حالات معمول پر آئے تو پھر غور کیا جا سکتا ہے، حالات بہتری پر سارک تجارت سمیت دیگر معاملات پر بات ہوسکتی ہے۔

Comments are closed.