گورنر ہاوس کراچی میں سندھ کابینہ میں شامل کئے جانے والے وزراکی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزراسے حلف لیا۔ حلف لینے والے وزرامیں اراکین صوبائی اسمبلی گیان چند اسرانی عرف گیانو مل، محمد ساجد جوکھیو، سید ضیاعباس شاہ اور جام خان شورو شامل تھے۔
اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ حلف کی پاسداری مذہبی اور قومی فریضہ ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ سندھ کابینہ کے اراکین آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور گڈ گورنینس کے لئیے خلوص نیت کے ساتھ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائینگے۔ گورنر سندھ نے کابینہ میں شامل نئے وزراکو مبارکباد بھی پیش کی۔ تقریب میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج دررانی، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ سمیت دیگر بھی شریک تھے۔

Shares: