’تبدیلی آئی رے‘گانے کے بعد پیش خدمت ہے، ’مجھے کیوں نکالا؟‘ ، حکومت کی 3سالہ کارکردگی کے حوالے سےتقریب سے خطاب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کا اپنا نیا گانا’مجھے کیوں نکالا‘ ریلیز کرنے کا اعلان، نیا گانا نواز شریف کے نام کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ ’مجھے کیوں نکالا‘ کے نام سے نیا گانا بنانے جا رہے ہیں۔
تحریک انصاف حکومت کی تین سالہ کارکردگی پیش کرنے کے حوالے سے خصوصی تقریب کے دوران عمران اسماعیل نے گلوکار شاہ زمان کے ساتھ اپنا مقبول گانا ’تبدیلی آئے رے‘ گایا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس گانے کو چار سال مکمل ہو چکے ہیں اور یہ ایک سپر ہٹ گانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب میں شاہ زمان کے ساتھ مل کر نئے گانے پر کام کر رہا ہوں جس کا نام ہے مجھے کیوں نکالا۔
میں یہ گانا نواز شریف کے نام کروں گا۔عمران اسماعیل نے اس موقع پر نئے گانے کی کچھ لائنیں اور دھن گن گنا کر بھی سنائیں جسے سن کر تقریب میں موجود لوگ ہنس پڑے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 3 سال مکمل ہوچکے ہیں ، اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان آج قوم سے اہم خطاب کریں گے جس میں حکومت کی 3 سالہ کارکردگی قوم کے سامنے رکھیں گے ، وزیراعظم کا خطاب ملک بھرمیں عوامی مقامات پربراہِ راست دکھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کا خطاب ملک بھر میں دکھانے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں ، انصاف یوتھ ونگ کے نوجوان خطاب عوام کودکھانےکےانتظامات کریں گے ، خطاب نشر کرنے کیلئے لاہور ، کراچی ، پشاور ، کوئٹہ سمیت گلگت ، ملتان اور حیدرآباد میں بڑی اسکرینیں نصب ہوں گی .