منگائی کم ہونا شروع ہوگئی ،جان بچانے والی دواؤں سمیت 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ

0
62

اسلام آباد: جان بچانے والی دواؤں سمیت 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ،اطلاعات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ جان بچانے والی دواؤں سمیت 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے مشترکہ میڈیا بریفنگ دی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ فیصلہ 2018 کی میڈیسن پرائسنگ پالیسی کے تحت کیا گیا۔ ضروری دواؤں کی قیمتوں میں 3 سال تک 10 فیصد سالانہ کمی کرنا ہوتی ہے۔ دواؤں کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 ہفتے میں نظر ثانی کر کے نئی پالیسی لائی جائے گی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، حکومت نے مستحق افراد کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کی ہدایات دی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی میں 12 دسمبر 2019 کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں فرخ اقبال کو صدر اور سی ای او ویمن بینک تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے 11 ممبران کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے ایل او سی کے اطراف آبادی کے لیے بھی خصوصی پیکج کی منظوری دی ہے۔ پیکج کے تحت ایل او سی کے متاثرہ گھرانوں کے لیے 67 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ ایل او سی پر بسنے والوں کے لیے راشن اسکیم متعارف کروائی جارہی ہے۔ ایل او سی پر ہر شادی شدہ خاتون کو 4 ہزار روپے ہر سہ ماہی دیے جائیں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس میں وفاقی شیئرز فروخت کرنے کا معاملہ ای سی سی بھجوا دیا گیا، طلحہ علی خان کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ دارالحکومت کو گندگی سے صاف کیا جائے۔ ریئر ایڈمرل ذکا الرحمان کو جنرل مینیجر کے پی ٹی تعینات کرنے اور بھارت سے پولیو فنگر مارکر درآمد کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ای سی ایل میں ناموں کے اندراج اور اخراج کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی۔ مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست یکسر مسترد کردی گئی ہے، ای سی ایل سے 8 نام نکالنے کی منظوری دی گئی اور 8 کو مؤخر کیا گیا ہے۔ حکومت جو بھی کام کرے گی آئین و قانون کے مطابق کرے گی۔ کابینہ نے 4 نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری بھی دی ہے۔

Leave a reply