گورنمنٹ ہاؤس مری عوام کیلئے کھولنے کی تقریب، وزیر اعلیٰ پنجاب نے پودا لگا کر افتتاح کیا

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج گورنمنٹ ہاؤس مری کوعوام کیلئے کھولنے کاافتتاح کردیا, وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ ہاؤس مری کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری کابھی افتتاح کیا,

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدا ر نے گورنمنٹ ہاؤس مری کی عمارت کو عوام کیلئے کھولنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادائیگی کرکے گورنمنٹ ہاؤس مری میں قیام و طعام کی سہولت حاصل کی جاسکے گی۔ گورنمنٹ ہاؤس مری کا”بوتیک ہیریٹج ریزارٹ“کی حیثیت سے ا فتتاح ایک شاندار موقع ہے۔سرکاری عمارتوں کو ریسٹ ہاؤس میں بدلنا دراصل وی آئی پی کلچر کے خاتمے کا آغاز ہے۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے گھر میں رہائش اختیارکر کے سادگی کی مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں اولین ہے جبکہ ماضی میں اس شعبے کو بری طرح نظرانداز کیا گیا،ہماری حکومت نے مربوط ٹورازم پالیسی کے ذریعے پنجاب میں سیاحت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں اورحکومت کے مالی وسائل میں اضافے کیلئے سرکاری اثاثوں کا بہترین استعمال بھی پالیسی میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخی نوعیت کی حامل سرکاری عمارتوں کو سیاحتی مقاصد کے فروغ کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے اورگورنمنٹ ہاؤس مری کی عمارت کو بھی تاریخ میں پہلی مرتبہ غیر سرکاری استعمال کیلئے پیش کیا جا رہا ہے۔ اس شاندار عمارت کی گولڈن جوبلی ہوئے بھی 15 سال گزر چکے ہیں اور اس پرشکوہ عمارت کو ملکہ برطانیہ، امریکی صدر، شاہ افغانستان سمیت متعدد عالمی شخصیات کی میزبانی کا شرف حاصل رہا ہے۔ایسی تاریخی عمارت میں قیام کسی اعزاز سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اب یہ اعزاز اپنے زعما تک محدود نہیں رکھنا چاہتی بلکہ عام لوگ بھی اس سے مستفید ہوں گے اور قیام و طعام کی بہترین سہولتوں سے محظوظ ہوں گے۔حکومت پنجاب وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبہ میں 177 ریسٹ ہاؤسز اور گیسٹ ہاؤسز کو عوام کیلئے اوپن کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ میں سیاحت کو صنعت کے طور پر فروغ دینے کے تمام تر مواقع استعمال کرنا چاہتی ہے اور جامع حکمت عملی کے تحت دور دراز علاقوں خاص طور پر جنوبی پنجاب کے سیاحتی مقامات کو ڈویلپ کیا جا رہا ہے۔جنوبی پنجاب کے علاقے فورٹ منرو،مبارکی ٹاپ، فاضلہ کچھ، بارتھی اور دیگر علاقوں کا سہانا موسم اور دلکش مناظر سیاحوں کی توجہ کے منتظر ہیں۔ڈیرہ غازی خان میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ریزارٹس کی تزئین و آرائش کر رہے ہیں اورسیاحت کو پروموٹ کرنے کیلئے کیمپنگ سائٹس، سفاری، پیرا گلائیڈنگ ہوگی اور مقامی ثقافت کے فروغ کیلئے ہیرٹیج بازار بھی قائم کئے جائیں گے۔ ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں لاہور کی طرز پر جلد ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی۔ کلچرل ٹورازم کے فروغ سے نہ صرف ملکی بلکہ غیرملکی سیاح بھی متوجہ ہوں گے جبکہ غیرملکی سیاحوں کی آمد سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا بلکہ مقامی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فوڈ/ فروٹ ٹورازم کا آغاز بھی ہو چکا ہے اورصوبہ کے 8 مختلف شہروں میں نئے سیاحتی مقامات کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے۔ سیاحتی مقامات پر قیام کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے فائبر گلاس اور سٹیل کے بنے بنائے کمرے لا رہے ہیں۔ کوٹلی ستیاں اور کوہ سلیمان کے علاقے میں پارک وے پراجیکٹ لایا جائے گا۔ کالاباغ اور نمل جھیل کے گرد و نواح میں سیاحت کے فروغ کیلئے قیام کی بہترین سہولتیں مہیا کریں گے۔ وادی سون میں ”اوچھالی جھیل“ ہر سال ہزاروں غیرملکی خوبصورت پرندوں کا میزبان مقام ہے۔ اوچھالی جھیل کو ”ایکو ٹورازم“ کے فروغ کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ دھرابی جھیل پر بھی ریزارٹ ڈویلپ کیا جائے گا۔ ٹلہ جوگیاں میں ”مذہبی ٹورازم“ کے فروغ کیلئے روہتاس فورٹ پارک وے بنائیں گے۔ تھل اور چولستان میں نئی کیمپنگ سائٹس اور ڈیزرت سفاری منعقد کی جا رہی ہیں اور ان علاقوں میں ڈیزرٹ ریلی کو مزید بہتر اور پرکشش بنا نے کیلئے ثقافتی شوز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ”مذہبی سیاحت“ کو فروغ دے رہی ہے۔ننکانہ صاحب میں ٹی ڈی سی پی کے پہلے موٹل کا افتتاح کیا گیا ہے جہاں سکھ زائرین اور دیگر سیاحوں کو قیام و طعام کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور جلد پنجاب سیاحت کے حوالے سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پہچانا جائے گا۔تقریب سے صوبائی وزیر کھیل و سیاحت تیمور بھٹی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورڈی جی پروٹوکول نے بھی خطاب کیا۔
٭

Comments are closed.