مفت علاج کیلئے لاہور کے 13ہسپتالوں کوکروڑوں روپے جاری

لاہور :حکمہ زکوٰۃ و عشر پنجاب نے مستحق مریضوں کے مفت علاج کیلئے لاہور کے 13ہسپتالوں کو 7کروڑ 3 لاکھ 75 ہزار روپے فراہم کر دیئے ہیں۔ وزیر زکوٰۃ و عشر پنجاب شوکت علی لالیکانے منسٹرز بلاک کے کمیٹی روم میں ایک تقریب کے دوران ان ہسپتالوں کے میڈیکل سوشل آفیسران میں مذکورہ رقم کے چیک تقسیم کئے۔

ا س موقع پر ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ پنجا ب محمد اسلم رامے، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرزکوٰۃ (فیلڈ) محمد سجاد بابر،متعلقہ میڈیکل سوشل آفیسران اور محکمہ زکوٰۃ کے دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔ وزیرزکوٰۃ شوکت علی لالیکا نے اس حوالے سے بتایا کہ سر گنگا رام ہسپتال کو 25لاکھ روپے، سروسز ہسپتال کو 35لاکھ، جنرل ہسپتال کو40 لاکھ، شیخٰ زید ہسپتال کو 50لاکھ، گلاب دیوی چیسٹ ہسپتا ل کو 67لاکھ50ہزارروپے فراہم کیے گئے ہیں

حکومت کی طرف سے لاہور کے میو ہسپتال کو1 کروڑ 5 لاکھ، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 1کروڑ 15 لاکھ، فاؤنٹین ہاؤس کو 16 لاکھ 25ہزار، انمول ہسپتال کو 77لاکھ 50 ہزار، شوکت خانم ہسپتال کو 55 لاکھ، جناح ہسپتال کو 42لاکھ 50ہزار، چلڈرن ہسپتال کو 50لاکھ اور گھرکی ہسپتال کو 25لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔

شوکت علی لالیکا نے ہدایت کی کہ ہیلتھ ویلفیئرکمیٹیوں میں مزید شفافیت اور بہتری کیلئے زکوٰۃ فنڈ سے مستحق مریضوں کا مفت علا ج معالجہ ا ور ادویات کی فراہمی کو احسن طریقہ سے یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں مستحق مریضوں کو زکوٰۃ فنڈ سے علاج کے متعلق آگاہی کیلئے میڈیکل سوشل آفیسران اپنے دفاتر کے باہر پینا فلیکسز لگائیں۔

Comments are closed.