اسلام آباد: پاکستان کے تمام دینی مدارس کی رجسٹریشن کرنے جارہے ہیں تاکہ وہ درس وتدریس کو بہتر انداز سے جاری رکھیں.جو مدارس رجسٹرڈ نہیں ہوں گے وہ کام نہیں کر سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ایک پریس کانفرنس میں کیا .
شفقت محمود نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن چند شرایط کے مطابق ہوگی، رجسٹریشن کے لیے ریجنل آفسز مدارس انتظامیہ کی مدد کریں گے۔اس موقع پر وزیر تعلیم نے واضح طور پر عندیہ دیا کہ جو مدارس رجسٹرڈ نہیں ہوں گے وہ کام ہی نہیں کر سکیں گے، رجسٹرڈ ہونے والے مدارس کی مالی مدد کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مدارس اب وفاقی وزارتِ تعلیم سے منسلک ہوں گے، ہم مدرسوں کی بڑی قدر کرتے ہیں، مدارس کے نصابِ تعلیم کو از سرنو ترتیب دینے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
مدارس کے انتظامات کو بہتر کرنے کے لیے ان کو ٹریننگ بھی دی جائے گی، یہ 6 مئی کو طے ہوا تھا، جو مضامین میٹرک کے لیے لازمی ہیں وہ مدارس میں بھی لازمی ہوں گے، لازمی مضامین کا امتحان فیڈرل بورڈ لے گا. دینی مدارس کو بینک کی سہولت بھی دی جائے گی۔
یاد رہے کہ حکومت نے اپریل میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر کے دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت لانے کے لیے جیوٹیگنگ اور رجسٹریشن جاری ہے، نیکٹا نے پہلی رپورٹ بھی تیار کر لی ہے، پنجاب میں 90 فیصد رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے۔