سینیٹرسیف اللہ خان نیازی اور سینیٹر اعجاز چوہدری نے ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا فورم گڈ گورننس کے فروغ اور مشترکہ کوششوں اور مربوط کوآرڈینیشن سے عوام کو درپیش مسائل کے مقامی سطح پرحل کا بہترین ذریعہ ہے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوامی مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی اور گورننس کے معاملات کی بہتری کے لیے اس فورم کے قیام کا فیصلہ کیا تا کہ حکومتی سروسز میں شفافیت،سائلین کی آسان رسائی اور خد مات کے معیار کو عوامی امنگوں اور وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترقیاتی سکیموں کے علاوہ میگا پراجیکٹس(یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کا قیام،چلڈرن ہسپتال،ٹراما سینٹر گکھڑ،موٹر وے لنک،شیخوپورہ روڈ،حافظ آباد روڈ)،صفائی،نکاسی آب،لاء اینڈ آرڈر کی بہتری،اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر دستیابی،شہر و ضلع کی خوبصورتی کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ اس فورم سے جو ہدایات جاری ہوں ان پر وسیع تر عوامی مفاد میں فوری عملدرآمد کروایا جائے،ڈی سی سی کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ کم از کم 2بار منعقد کیا جائے اور اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کو تمام تحصیلوں اور محکموں کی نچلی فارمیشنز تک منتقل کیا جائے۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کے اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن، آر پی او راؤ عبدالکریم،ڈپٹی کمشنر دانش افضال،سی پی او سید حماد عابد،ٹکٹ ہولڈرزو ضلعی عہدیداران(رضوان اسلم بٹ،خالد پرویز ورک، رانا بلال اعجاز،چودھری یوسف مہر، رانا عمر نذیر احمد خاں،ظفر اللہ چیمہ،ندیم بھنڈر،جواد حسن منج،رانا ساجد علی خان،ڈاکٹر سجاددھاریوال، عثمان بسراء)،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز(ریونیو حسین رضا چوہدری،جنرل انجم ریاض سیٹھی)،سی ای او جی ڈبلیو ایم سی عتیق الرحمن،سی ٹی او سہیل فاضل،اسسٹنٹ کمشنرز (سٹی کامران حسین،صدر ڈاکٹر انعم فاطمہ،کامونکی حراء رضوان،وزیرآباد رانا امجد محمود،نوشہرہ ورکاں عمران صفدر)،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فرجاد بٹ سمیت ایجوکیشن،کالجز،میٹروپولیٹن کارپوریشن،تحصیل کونسل،میونسپل کمیٹیز اور دیگر محکموں کے سربراہان اور نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔
کمشنر ،آر پی او ،ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے ترقیاتی سکیموں،امن و امان،گورننس کی بہتری کے حوالے سے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے دورہ گوجرانوالہ کے موقع پر جن سکیموں کی منظوری دی گئی تھی وہ باقاعدہ طور پر اے ڈی پی 2021-22میں شامل کر لی گئی ہیں اور ان کے لیے فنڈز بھی مختص کر دیے گئے ہیں ان سکیمون میں (یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کا قیام،چلڈرن ہسپتال،ٹراما سینٹر گکھڑ،موٹر وے لنک،شیخوپورہ روڈ،حافظ آباد روڈ) اور دیگر منصوبے شامل ہیں،انہوں نے بتایا کہ ضلع گوجرانوالہ 55لاکھ آبادی پر مشتمل ہے جو زرعی اور صنعتی شعبوں میں ملک بھر میں اپنا مقام پیدا کر چکا ہے،ضلع گوجرانوالہ کے تمام محکمے باہمی روابط کے تحت کام کررہے ہیں اور پنجاب بھر میں نمایاں پوزیشنز پرہیں انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر کی صفائی ستھرائی میں بھرپور کرداد ادا کر رہی ہیں حال ہی میں گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اپنے سالانہ فنڈز میں سے بچت کرتے ہوئے 37نئے ٹریکٹرز کی خریداری کی جو کہ صفائی ستھرائی میں معاون ثابت ہو رہے ہیں اور شہر کی صفائی ستھرائی مزید بہتر ہو چکی ہے۔ریونیو سروسز کی بہتری کے حوالے سے ڈیجیٹل گرداوری کا آغاز اور اس پر عملدرآمد،دیہی مراکز مال کا قیام اور دیگر ریونیو ریفارمز کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔پولیس ریفارمز کے حوالے سے ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کیے جانے والے اقدامات،جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال،تھانوں میں سائلین سے اچھے اخلاق سے پیش آنے،ملازمین و افسران کی ویلفیئر بارے بھی بریگ کیا گیا۔بعد ازاں ضلعی عہدیداران و ٹکٹ ہولڈرز نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے اپنے علاقہ کے مسائل بارے آگاہ کیا۔

گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کااجلاس، اجلاس میں ضلع بھر کے میگا پراجیکٹس کے بارے اہم گفتگو ہوئی
Shares: