ناجائز تعلقات کے شبہ پر سگی بیٹی کو قتل کرنے والا باپ 2 بیٹوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان نے مقتولہ جویریہ کے سر میں ڈنڈے مار کر اور گلا دبا کربے دردی سے قتل کیا اور نعش بوری میں بند کر کے پھینک دی۔

باغی ٹی وی ذرائع کے مطابق لاہور انویسٹی گیشن پولیس گجر پورہ نے ناجائز مراسم کے شبہ پر بیٹی کو قتل کرنیوالے سگے باپ کو 2بیٹوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کی واضح ہدایات کی روشنی میں انویسٹی گیشن ونگ کی سپیشل ٹیمیں قتل، اقدام قتل سمیت دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے دن رات سر گرم عمل ہیں۔
ایس پی سول لائنز انویسٹی گیشن اسد الرحمن کی سربراہی میں ایس ڈی پی او مغلپورہ سرکل ڈی ایس پی عادل رشید اور انچارج انویسٹی گیشن گجر پورہ آصف علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تقریباً 6ماہ قبل 25سالہ مقتولہ جویریہ کے اندھے قتل کی سنگین واردات کی تفتیش کا آغاز کیا۔ سائینٹفک شواہد اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مقتولہ کے باپ اور بھائیوں کو شامل تفتیش کیا جو حقائق کے مطابق سوالات کے تسلی بخش جوابات نہ دے سکے اور بلاآخر مقتولہ جویریہ کے والد عبدالغفور نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتلایا کہ مجھے شک تھا کہ میری بیٹی کے ناجائز مراسم ہیں لہذا میں نے اپنی بیٹی کو بہانے سے مظفر گڑھ سے بھائیوں کے پاس لاہور منتقل کر دیا اور اسی دوران میں نے اپنے بیٹوں عبدالشکور اور اقبال کے ساتھ مل کراپنی بیٹی جویریہ کوقتل کرنے کا بھیانک منصوبہ بنایا اور وقوعے کے روز ہم نے گھر میں جویریہ کے سر پر ڈنڈے مار کر اور گلا دبا کربے دردی سے موت کے گھاٹ اُتار دیا اور اس کی لاش کو بوری میں بند کر کے گجر پورہ کے علاقے میں سڑک کنارے پھینک کر خاموشی سے فرار ہو گئے۔ کسی کو ہم پر شک نہ ہو اس لیے ہم نے جویریہ کی عمر کوٹ سندھ میں شادی کرنے کا ڈرامہ رچا دیا تھا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شہزادہ سلطان نے اندھے قتل کی واردات کو ٹریس کر کے ملزمان کی گرفتار ی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

Shares: