گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) نئی تعینات ہونے والی سی ای او ایجوکیشن ٹوبہ، میڈم عقیلہ خان یوسفزئی نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور یونینز کے عہدیداروں کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا، اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
تقریب میں ضلع بھر کے ہیڈ ماسٹرز، ہیڈ مسٹریس، اور دیگر تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔ سابق سی ای او ایجوکیشن طاہر منصور، ڈی او سیکنڈری محمد طاہر، ڈپٹی ڈی او میاں محمد زاہد، اور ہیڈ مسٹریس ایسوسی ایشن کی صدر مسز طاہرہ جبیں کے علاوہ جنرل سیکرٹری مسز ناصرہ انوار، میڈم صائمہ خالد اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید اور ان کے ساتھی عہدیداران نے میڈم عقیلہ خان یوسفزئی کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔ تمام شرکاء نے میڈم عقیلہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں تعلیمی میدان میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔
تقریب کے دوران تعلیمی اداروں کے افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مل کر ضلع میں تعلیم کے معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے تعاون کریں گے۔ میڈم عقیلہ خان یوسفزئی کی تعیناتی کو تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے۔