گوجرہ: مردہ مرغیوں کا سپلائر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی گرفت میں آگیا
گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) گوجرہ میں مردہ مرغیوں کی سپلائی کرنے والا مکروہ کاروبار پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ہاتھوں بے نقاب ہوگیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایات پر مردہ مرغیوں کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر (آپریشنز) کی سربراہی میں لائیو سٹاک آفیشلز کے ہمراہ گوجرہ کے نواحی علاقے 283 ج ب اڈا دواکھڑی پر ایک بڑی کارروائی کی۔ اس کارروائی کے دوران میاں چکن سیل سینٹر سے بڑی تعداد میں مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں، جنہیں نیلے ڈرموں اور سفید تھیلوں میں چھپایا گیا تھا۔ مردہ مرغیوں کا گوشت مختلف فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا۔
تمام برآمد شدہ مردہ مرغیاں موقع پر ہی تلف کر دی گئیں اور ملزمان کے خلاف تھانہ صدر گوجرہ میں مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ اس کے علاوہ مردہ مرغیوں کے مکروہ دھندے میں ملوث چکن شاپ کو بھی سیل کر دیا گیا۔
اس موقع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ مردہ گوشت کا کاروبار کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور عوام الناس کو ایسے عناصر کے بارے میں فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کو مطلع کرنے کی ہدایت دی۔