گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) حافظ آباد روڈ پر نوکھر کے قریب قلعہ دیوان سنگھ کے مقام پر ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹرک نے کیری ڈبہ کو زور دار ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ نسرین، 45 سالہ رخسانہ، 13 سالہ بچہ اذان، 60 سالہ امجد پرویز اور 25 سالہ جبران شامل ہیں۔ زخمیوں میں انجم، آمنہ، مجیداں بی بی اور شبنم شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

Shares: