کراچی: لیاری کے علاقے گلستان کالونی صابری مسجد کے قریب سوئی گیس لائن میں زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث مؤذن سمیت 9 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ۔

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ کے علاقے لیاری مرزا آدم خان روڈ گلستان کالونی گلی نمبر 5 صابری مسجد کے قریب گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی –

آگ لگنے کی اطلاع پر ایمبولینسیں، پولیس اور فائربریگیڈ کی ایک گاڑی پہنچ گئیں اور جھلس کر زخمی ہونے والوں کوسول اسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کیا۔

طبی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے صابری مسجد کے مؤذن قاری اختر 43 فیصد جھلسے ہیں، جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق سوئی گیس کی لائن میں لیکیج کے باعث دھماکا ہوا جس کے بعد آگ لگ گئی۔ فائربریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٓگ رات 12 بجے لگی تھی، جس کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی،جب کہ فائربریگیڈ کی گاڑی ایک گھنٹے بعد پہنچی ۔ سوئی سدرن کا عملہ بھی تاخیر سے پہنچا۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مسجد کے اطراف کے تمام گھر خالی کرا لیے گئے تھے۔

Shares: