گلشن اقبال کے مکین سڑکوں کی خستہ حالی سے اذیت کا شکار
گلشن اقبا ل یوسی 29 کے مکین سڑکوں کی خستہ حالی اور کچرے کے انبار اور آوارہ کتوں کی بہتات کے باعث ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیراڈائز ہومز کے مکین بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ اسٹریٹ لائٹس کے فقدان اور آوارہ کتوں کی بہتات کے باعث سگ گزیرگی کے واقعات بڑھ رہے ہیں جبکہ رات کو چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی تشویشناک حدتک اضافہ ہوا ہے۔ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ علاقے کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ مسائل کے حل کے لئے صوبائی وزیر بلدیات ،سیکریٹری بلدیات ،ڈسٹرکٹ ایسٹ کے چیئرمین، یو سی چیئرمین ، کمشنر کراچی اور میئر کراچی کو درخواست بار ہا ارسال کی گئی ہیں۔تاہم اس پر کسی قسم کا ایکشن نہیں لیا گیا ہے۔ اہل محلہ اعلی حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔