ہدیۃ الہادی پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں قومی مجلس مشاورت اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں جوائنٹ سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ قاری محمد یعقوب شیخ نے خصوصی شرکت کی،قومی مجلس مشاورت کی صدارت و میزبانی امیر ہدیۃ الہادی پاکستان پیر سید ہارون گیلانی نے کی ،قومی مجلس مشاورت میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے، قاری محمد یعقوب شیخ نے پروگرام کی نقابت کے فرائض بھی سرانجام دیے۔اجلاس میں ملک کو درپیش سیاسی، معاشی، سماجی اور نظریاتی بحرانوں کے ہر پہلو کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ تمام شرکاء نے اتفاق رائے سے ایک جامع مشترکہ قومی اعلامیہ جاری کیا۔

اعلامیہ میں غزہ فلسطین کے نہتے، مظلوم اور بہادر عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ واضح کیا گیا کہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے، اسرائیل کا وجود ناجائز اور عالمی امن کے لیے خطرناک ہے۔فلسطین میں اسرائیلی افواج کی جانب سے جاری نسل کشی، معصوم مرد، خواتین اور بچوں کا قتل عام بدترین جنگی جرائم ہیں۔ عالمی اداروں کی مسلم دشمنی اور بےحسی اس ظلم پر مجرمانہ خاموشی ہے۔ عالم اسلام کی غفلت اور بےحسی نے امت کو شرمندہ کر دیا ہے۔اجلاس میں اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کی حکومت اور پالیسی ساز حلقے صرف معاشی مفادات کے لیے قومی وقار اور عوامی جذبات کو پس پشت ڈال رہے ہیں۔قومی مجلس مشاورت نے حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور شہید لیاقت علی خان کی مستقل اور جرات مندانہ پالیسیوں کے مطابق فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر دو ٹوک اور مؤثر سفارتی، سیاسی، اقتصادی اور عسکری حکمت عملی اپنائی جائے۔

اجلاس میں ملک کو درپیش ہمہ گیر بحرانوں، بالخصوص اعتماد کے بحران، سماجی انتشار، عوامی بےچینی، مہنگائی، دہشتگردی اور ریاستی بے عملی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ علماء کرام کی ٹارگٹ کلنگ اور فرقہ واریت کے بڑھتے ہوئے رجحانات پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔قومی مجلس مشاورت نے ایک سٹیرنگ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا جو قومی قیادت و سفارتکاروں سے ملاقاتوں کے ذریعے فلسطین و کشمیر کے مظلوموں کی ترجمانی کرے گی۔ جلد ہی اسلام آباد میں قومی کنونشن منعقد کیا جائے گا جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں بھی قومی ترجیحات پر مبنی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔

Shares: