مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کا سینیٹر منتخب ہونا نہ صرف اہل حدیث مکتب فکر کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ یہ پاکستان کے اسلامی تشخص اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کی سمت ایک مثبت پیش رفت بھی ہے۔ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کا سینیٹر بننا جماعت کے اصولی موقف، تنظیمی جدوجہد اور عوامی اعتماد کا مظہر ہے ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان اسلامک کونسل کے چئیرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے پرنسپل ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے اپنے مبارک باد کے پیغام میں کیا ۔ انھوں نے کہا ہمیں امید ہے کہ ڈاکٹر صاحب اپنی علمی بصیرت، فقہی فہم، قومی درد اور دینی شعور کے ساتھ سینیٹ میں ایک متحرک، موثر اور باوقار کردار ادا کریں گے۔ ان کی کامیابی سے نہ صرف جماعت بلکہ تمام اہلِ دین کو حوصلہ اور نمائندگی کا احساس حاصل ہوگا۔یہ کامیابی پوری جماعت بلکہ جماعت کے ایک ایک کارکن کی کا میابی ہے ۔ جس سے جماعت کے ہر کارکن کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے ۔ انھوں نے کہا ڈاکٹر عبدالکریم باضمیر اور باکردار شخصیت ہیں جنھوں نے ہمیشہ قومی اور ملی مفادات کو ترجیح دی ہے ۔ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کا سینیٹ منتخب ہونا اس امر کا اظہار کا ہے کہ قوم آج بھی صالح قیادت پر یقین رکھتی ہے ۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ایوان بالا میں قوم وملت کی نمائندگی کا حق ادا کریں گے ۔ اسلام پاکستان اور اہلحدیث کے موقف کو جرات مندی اور حکمت کے ساتھ پیش کریں گے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی معاشی حالات میں ایک بااصول باعمل اور باشعور قیادت کی اشد ضرورت ہے ۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کو اس سیٹ کے تقاضے پورے کرنے اس منصب کو دین اسلام، مسلک اہلحدیث ، نہج محدثین کی سربلندی ، دفاع صحابہ کےلئے استعمال کرنے ان کو صحت اور استقامت اور مزید کامیابیاں عطا فرمائے تاکہ وہ دین وملت اور وطن کی مزید بہتر خدمت کرسکیں ۔

Shares: