حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) محلہ خان پورہ میں پیش آنے والے ایک دل دہلا دینے والے واقعے کا ڈی پی او حافظ آباد نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔ واقعے کے بعد تھانہ سٹی حافظ آباد میں مقدمہ نمبر 516/25 بجرم 324/148/149 ت پ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مسجد کے سامنے کھڑے نوجوان معمول کے مطابق اپنی زندگی گزار رہے تھے کہ اچانک ملزم گلفام عرف رانو اپنے 12-13 ساتھیوں کے ساتھ مسلح ہو کر موقع پر پہنچا۔ ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں تین نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔
سٹی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور روایتی طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے رانا گلفام عرف رانو کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او حافظ آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔








