سینیٹ میں دلچسپ بحث، مولانا عبدالغفور حیدری کا رحمان ملک کو درست سورۃ اخلاص پڑھنے کا چیلنج

0
38

سینیٹ میں دلچسپ بحث، مولانا عبدالغفور حیدری کا رحمان ملک کو درست سورۃ اخلاص پڑھنے کا چیلنج
باغی ٹی وی : سینیٹر رحمان ملک نے سینیٹ میں یہ کہہ کر سورہ اخلاص کی تلاوت کی کہ انہیں یہ سورۃ آتی ہے اور انہوں نے پہلے بھی صحیح پڑھی تھی لیکن وہ دوبارہ غلطی کرگئے۔

سینیٹ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر جاوید عباسی نے تعلیمی اداروں میں عربی زبان لازمی پڑھانے کیلئے بل ایوان میں پیش کیا۔ حکومت، جے یو آئی (ف) اور جماعت اسلامی نے اس بل کی حمایت کی جبکہ پی پی پی نے اعتراض کیا۔

وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ میں اس بل کی مکمل حمایت کرتاہوں، یہ بل بہت اچھا ہے، عربی کو بطور زبان سمجھنا ہوگا، ہمیں ترجمہ کے ساتھ قرآن سکھانے کو لازمی قرار دینا ہوگا، جب تک ترجمہ نہ آئے اس زبان کو سمجھ نہیں سکتے۔

سینیٹ کے اجلاس میں مولانا عبدالغفور حیدری اور سینیٹر رحمان ملک کے درمیان ہونے والی دلچسپ بحث میں مولانا عبدالغفور حیدری نے سینیٹر رحمان ملک کو درست سورہ اخلاص پڑھنے کا چیلنج کیا، جسے سینیٹر رحمان ملک نے قبول کرتے ہوئے سورہ اخلاص پڑھی، لیکن کوشش کے باوجود رحمان ملک درست سورہ اخلاص پڑھنے میں ناکام رہے۔

جے یو آئی ف کے مولانا عبدالغفور حیدری نے عربی لازمی پڑھائی بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عربی زبان پڑھانے کی اہمیت زیادہ ہے، اعتزاز احسن، رحمان ملک اور غلام سرور کو چھوٹی سورتیں نہیں آئیں، اعتزاز احسن اور رحمان ملک کو سورۃ اخلاص اور غلام سرور خان کو سورۃ الناس تک نہیں آئی، پارلیمان میں اخراج لکھا ہوتا ہے جس کا مطلب نکالنا ہوتا ہے، میں نے اسپیکر سے بحث کی یہاں مخرج یا خروج لکھا جائے۔

سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے سینیٹر رحمان ملک پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ رحمان ملک کے پاس بہت سی ڈگریاں ہونگی مگر سورہ اخلاص نہیں پڑھ سکے۔

رحمان ملک نے انہیں ٹوکتے ہوئے کہا کہ میں نے سورہ اخلاص صحیح پڑھی تھی،اور آج پھر سناؤں گا۔

مولاناعبدالغفور حیدری نے ان سے کہا کہ وہ تو ریکارڈ کا حصہ ہے کہ آپ نے سورہ اخلاص غلط پڑھی اور لاہور میں اعتزاز احسن نے بھی سورۃ غلط پڑھی تھی۔ عبدالغفور حیدری اور رحمان ملک کے مابین دلچسپ جملوں پر ایوان میں مزاح پیدا ہو گیا۔

Leave a reply