حج مہنگا کیوں؟ قائمہ کمیٹی نے اٹھائے سوالات، وزیر مذہبی امور کی اجلاس میں عدم شرکت

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت پر چیئرمین و اراکین کمیٹی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجاًکمیٹی کا اجلاس موخر کر دیا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ وفاقی وزیر پارلیمنٹ کی کمیٹیوں کو وہ اہمیت نہیں دیتے جو دینی چاہیے۔ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اوردونوں ایوانوں کی قائمہ کمیٹیاں حکومت سے معاملات کے حوالے سے جواب طلب کر تی ہیں مگر قائمہ کمیٹیوں میں وزراء کی عدم شرکت حکومت کی عدم دلچسپی کا اظہار ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے مزید کہا کہ حج پورے ملک کا اہم معاملہ ہے۔ موجودہ حکومت جب سے برسراقتدار آئی ہے حج پیکج میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے غریب عوام فریضہ حج کا تصور بھی نہیں کر سکتی۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس اراکین کمیٹی کی رائے پر ملتوی کر دیا گیا۔بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومت نے حج پیکج میں جو ہوش ربا اضافہ کیا ہے قائمہ کمیٹی کوآئندہ اجلاس میں وفاقی وزیر اور وزارت کے حکام تفصیلی آگاہ کریں ورنہ قائمہ کمیٹی اپنے اختیارات کا استعمال کرے گی اور حج پالیسی کو بھی مسترد کر سکتی ہے۔ حیرت کی بات ہے کہ حکومت حج پیکج میں اضافہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی کمیٹیوں کو بھی اعتماد میں نہیں لیتی۔ جب سے میں اس کمیٹی کا چیئرمین منتخب ہوا ہوں مشاہدہ کیا گیا ہے حکومت اور وزیر اس کمیٹی کو اہمیت نہیں دے رہے اور کمیٹی اجلاس میں شرکت نہیں کرتے، ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے دو اجلاس ہوئے مگر وفاقی وزیر نے ایک دفعہ بھی شرکت نہیں کی۔جن امور کے حوالے سے ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی وزارت مذہبی امور نے ذیلی کمیٹی کو وہ تفصیلات تک فراہم نہیں کیں۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ نئے حج پیکج میں ایک حاجی سے 5.75 لاکھ وصول کیے جائیں گے جو انتہائی زیادہ ہیں۔ گزشتہ برس4.48 لاکھ میں حج ہوا تھا۔ موجودہ برس1 لاکھ25 ہزار کا اضافہ کیا اور کمیٹی کو معلوم تک نہیں۔ اس کے برعکس حجاج کو جو ریلیف دیا جاتا ہے وہ اتنا موثر نہیں ہے جتنا ہونا چاہیے تھا۔ حجاج سے 6 ماہ قبل وزارت پیسے وصول کرتی ہے اس کا کہاں استعمال کیا جاتا ہے اس کی بھی انکوائری ہونی چاہیے۔کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹرز بریگیڈیئر (ر) جان کنیتھ ویلمز، حاجی مومن خان آفریدی، حافظ عبدالکریم، کیشو بائی، سراج الحق کے علاوہ سیکرٹری وزارت مذہبی امور اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

حج انتظامات کی بہتری کے لئے تجاویز کابینہ میں پیش کی جائیں، وزیراعظم

حج پالیسی، حکومت کرنے جا رہی ہے اہم تبدیلی، وزارت مذہبی امور متحرک

حج اخراجات میں کتنا اضافہ ہونے جا رہا ہے؟ سن کر پاکستانی پریشان

واضح رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی اور سعودی عرب میں آئے روز ٹیکسز کے نفاذ کی وجہ سے رواں سال حج اخراجات مزید بڑھ جائیں گے اور گزشتہ سال کے مقابلہ اس سال حج مزید مہنگا ہو گا، سعودی عرب میں ٹیکسز پر ٹیکسز کے نفاذ اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے حج اخراجات بڑھتے جا رہے ہیں، خواہش ہے کہ سستا حج کرا سکیں لیکن اخراجات کی وجہ سے ایسا کرنا ممکن نہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلہ میں امسال حج مزید مہنگا ہو گا۔ حج اور کرتارپور کا موزانہ نہیں کیا جا سکتا، کرتارپور ایک راہداری ہے جو کہ صرف 4 کلو میٹر ہے اور سائیکل کی بجائے پیدل بھی لوگ آتے جاتے ہیں جبکہ حج کیلئے 4 ہزار کلومیٹر سے زائد کا طویل سفر طے کرکے وہاں 40 روز قیام و طعام کا اہتمام کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے اخراجات زیادہ ہیں۔

ہم اب بھی حج سستا کر سکتے ہیں، سابق وفاقی وزیر نے کیا موجودہ حکومت کو چیلنج

Shares: