حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں ناکام ہو چکی ہے:الطاف شکور

0
42

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں ناکام ہو چکی ہے۔ بڑی سیاسی جماعتوں نے عوام کومایوس کیا ہے۔ پاسبان عوام کے لئے امید کی نئی کرن ہے۔ عوامی مسائل کے حل کے لئے کی جانے والی پاسبان کی آئینی و قانونی جدوجہد کو تیز ترین طریقہ سے عوام تک پہنچایا جائے۔

بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ، بندش اور بھاری بھاری بلوں کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں، ان کے احتجاج کا حصہ بن کر متعلقہ اداروں سے مسائل حل کروائے جائیں۔ ضلعی، پی ایس اور یو سیز کی سطح پر جلد از جلد پاسبان کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کر لیا جائے۔ تمام ذمہ داران اپنی اپنی سطح پر عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کریں۔

وہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کی ایگزیکٹو کو نسل کے ہفتہ وار اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کر رہے تھے۔ اجلاس میں کراچی بلدیاتی کمیٹی کے رکن سردار ذوالفقار سمیت کراچی کی ایگزیکٹو کونسل کے ممبران خالد صدیقی ایڈووکیٹ، کلیم اللہ ملک، لیاقت علی،زمان خان انقلابی، حامد صدیقی،غلام سرور غازی اورزاہد جمیل و دیگر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیم سازی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

ضلع، پی ایس، یو سیز اور وارڈ کی سطح پر تنظیم سازی کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ پارٹی میں تمام شعبہ جات بشمول خواتین ونگ کے قیام،لیبر ونگ کی فعالی اور سوشل میڈیا کی افادیت کے حوالے سے ٹیموں کی تشکیل نو پر زور دیا گیا۔ کراچی سمیت ملک بھر میں مزدوروں کے ساتھ مالکان کا رویہ انتہائی نامناسب ہے، مزدور طبقہ اہمیت کا حامل ہونے کے باوجود ظلم و زیادتی کا شکار ہے۔ پاسبان ظلم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ ہے اس لئے لیبر ونگ جلد ازجل طم کرنے کی ہدایات دی گئیں تا کہ مزدور طبقہ کے حقوق کے لئے آواز اٹھائی جا سکے، انہیں نوکریوں میں تحفظ دیا جا سکے۔ چیئرمین الطاف شکور نے کہا کہ سوشل میڈیا ٹیم کو تیزی سے ری آرگنائز کیا جائے تا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے مظلوم عوام کے مسائل کو نہ صرف بہتر طور پر اجاگر کیا جاسکے، بلکہ انہیں حل کرنے کی بھی پوری کوشش کی جائے۔

اجلاس میں کوٹہ سسٹم اورمردم شماری کے حوالے سے پاسبان کی آئینی کارکردگی پر گفتگو ہوئی۔ پاسبان رہنماؤں میں کوٹہ سسٹم اور مردم شماری جیسی نا انصافیوں پر عوامی آگاہی اور بیداری شعور کے لئے عوامی سطح پر ایک بھرپور مہم چلائے جانے پر اتفاق رائے ہوا۔ کوٹہ سسٹم کراچی کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور مستقبل کا قاتل ہے۔ جن سرکاری نوکریوں پر پڑھے لکھے اور با صلاحیت نوجوانوں کا حق ہے وہاں ایک جعلی ڈگری کا حامل، سفارشی اور نا اہل شخص براجمان ہے۔ قابل نوجوانوں کی صلاحیتوں سے ملک کو مستفید نہیں ہونے دیا جا رہا جس کی وجہ سے وہ نوجوان باہر ممالک چلے جاتے ہیں اور باہر کے ممالک ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر ترقی کر رہے ہیں۔

اس لئے اس ناانصافی پرمبنی ظالمانہ کوٹہ سسٹم کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے،عوام میں اس کی آگاہی اور شعور بیدار کرنے کیلئے مہم چلائی جائے۔ کراچی کی سطح پرتیزی سے تنظیم سازی مکمل کرکے گلی کوچوں تک پاسبان کا پیغام پہنچایا جائے۔

اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں اور بلدیاتی انتخابات میں نامزد کئے جانے والے امیدواروں کی فہرستوں پر بھی غوروخوض کیا گیا۔ دریں اثناء اجلاس میں عبدالرشید،رمضان کاکڑاور انجینئر مقبول صاحبان کو پاسبان کراچی کی ایگزیکٹو کونسل کا ممبرنامزد کیا گیا

Leave a reply