سندھ کے صوبائی وزیر اطلاعات و محنت ، پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے وفاقی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کو اس ملک کی سب سے بدترین کارکردگی قرار دیتے ہوئے موجودہ حکومت کو نااہل اور نالائق حکومت قرار دیا ہے۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعید غنی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ایک سال کے دوران ملکی معیشت کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائیاں شروع کی اور نیب کو حکومتی آلہ کار بنایا۔ عمران نیازی کی حکومت نے گذشتہ ایک سال کے دوران مہنگائی، بیروزگاری، عوام کا معیار زندگی، عوام کو بے گھر کرنے اور ملک کو تباہی کے داہنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ اگست 2018 کے مقابلے اگست 2019 میں ڈالر کی قیمت میں 35 روپے کا اضافہ جبکہ بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات، ادویات، کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ ساتھ عوام کی روزمرہ کی استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کئی سو فیصد اضافہ ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نیازی حکومت میں میڈیا کو غیر اعلانیہ سینسرشپ کا سامنا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے مزید کہا کہ حکومت نے عدلیہ کے خلاف سازشیں شروع کی۔ نیب کے چیئرمین کے خلاف ایک ویڈیو وائرل کرکے اسے بلیک میل جارہا ہے۔ وزراء اور مشیر اپنی حکومت کی کارکردگی کے بہتر ہونے کا راگ الاپ رہے ہیں۔ جس نئے پاکستان کا خواب نیازی حکومت نے عوام کو دکھایا اس میں صرف ان کی اپنی جماعت تو ضرور مستحکم ہورہی ہے لیکن اس کے مقابلے اس ملک میں بدترین معاشی بحران جنم لے چکا ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے سیاسی معاون نعیم الحق نے کہا کہ حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر آج کا دن دو مختلف حوالوں سے اہم ہے، پہلا حکومت نے پہلے ایک سال میں مسائل کے خاتمے کےلئے اقدامات کیے جن میں سے بعض میں کامیابی ملی اور کئی حوالوں سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پی ٹی آئی نے حکومت سبنھالی تو ملک شدید معاشی بحران کا شکار تھا، آئندہ پانچ سال میں ملک کے غریب طبقے کو اپنا گھر فراہم کریں گے، نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم کے تحت گھروں کی تعمیر جاری ہے، غریب عوام کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کے لئے حکومت بیروزگاری میں کمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے.

Shares: