پی ٹی آئی حکومت بجٹ حقائق چھپانے کیلئے اپوزیشن کی آواز دبارہی ہے، بلاول بھٹو

پی ٹی آئی حکومت بجٹ حقائق چھپانے کیلئے اپوزیشن کی آواز دبارہی ہے، بلاول بھٹو #Baaghi

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت بجٹ حقائق چھپانے کے لیے اپوزیشن کی آواز دبارہی ہے، وزیراعظم عمران خان یہ نہ سمجھیں کہ غیر جمہوری رویو ں پر وہ بچ جائیں گے-

باغی ٹی وی : بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عام آدمی کی آمدنی میں 17 فیصد کمی اور 25 فیصد مہنگائی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے ملک میں ہر تین میں سے ایک بچہ غذائی قلت کا شکارہے-

حکومت نے دودھ اور اس سے وابستہ مصنوعات پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگادیا ڈیری مصنوعات پر 17 فیصد سیلز ٹیکس بچوں کے قتل کے مترادف ہے چائے کے ہر کپ کا مہنگا گھونٹ عمران خان کی تبدیلی کی خوف ناک قیمت ہوگی-

آٹا، تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا ایک سونامی لائے گا مہنگائی پر عوامی ردعمل کو روکنا وزیراعظم عمران خان کے بس میں نہیں ہوگا وزیراعظم یہ نہ سمجھیں کہ غیر جمہوری رویو ں پر وہ بچ جائیں گے ، ہم بجٹ کا سارا کچاچٹھا عوام کے سامنے لاتے رہیں گے-

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نےاپوزیشن سے مذاکرات کا مینڈیٹ دیا ہے-

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پارلیمانی نظام کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے-

Comments are closed.