حکومت اور مظاہرین سے پرزور اپیل ہے کہ دونوں جانب سے دانشمندی کا مظاہرہ کیا جائے،مصطفیٰ کمال
مورخہ 19 اپریل 2021 کی ہڑتال پر پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی پاسدارِ ناموس رسالت ﷺ ہے اور موجودہ صورتحال کو شدید تشویش کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے کی زمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوتی ہے۔ پاک سر زمین پارٹی حکومت اور مظاہرین سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ ماہ رمضان کے مقدس مہینے کی حرمت کا خیال رکھیں اور دونوں جانب سے دانشمندی کا مظاہرہ کیا جائے۔ حکومت اہم وفاقی وزراء اور علماء کرام کے ہمراہ مظاہرین سے مذاکرات کریں اور حالات کی بہتری کے لیے کام کریں۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ خاتم النبیین ﷺ کا احترام تمام مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔ اقوام عالم عالمی پائیدار امن کے لیے اس بات کو یقینی بنائے کہ آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچا کر دہشتگردی نہ کی جائے۔ سید مصطفیٰ کمال نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور مظاہرین کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے حکومت وقت سے تمام شہداء کے لواحقین کے لیے مالی معاونت کا بھی مطالبہ کیا۔