غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، جہاں اب فلمی ستاروں نے بھی آواز سے آواز ملالی۔
باغی ٹی وی : گزشتہ روز پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اسٹارز فلسطین کے حق میں اور اس کی آزادی کے لیے آواز بلند کرنے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے تھے-
ماہرہ خان، شہریار منور، انوشے اشرف، عائشہ عمر سمیت متعدد اسٹارز نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا ان کے ساتھ ساتھ دیگر اسٹارز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جو مظلوم فلسطینوں کے حق میں اسرائیلی مظالم کے خلاف پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔
تاہم اداکاریاسر فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے مظاہرےمیں نہیں جا سکے جس کی انہوں نے وجہ بتائی-
یاسر حسین نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں اداکار کے ہاتھ پر سرجری کی وجہ سے پٹّی بندھی ہوئی ہے۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یاسر حسین نے اپنے ہاتھ کی پٹّی پر فلسطین کا پرچم بنایا ہوا ہے جس کے ذریعے وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کررہے ہیں۔
یاسر حسین نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ آج فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے نکالے جانے والی مارچ میں جانے کا بہت دل تھا لیکن حالات کی وجہ سے نہیں جاسکا۔
اداکار نے لکھا کہ اللّہ تعالیٰ ہمارے فلسطینی بہن بھائیوں پر رحم کرے، آمین۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’فلسطین کو آزاد کرو۔‘
خیال رہے کہ حال ہی میں یاسر حسین نے اپنے ہاتھ کی سرجری کروائی ہے جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے دی تھی۔