رحیم یار خان پریس کلب میں حلف برداری تقریب

0
79

رحیم یارخان :
صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ میں ایک نیا قانون پاس کیا گیا ہے جس کے تحت جنوبی پنجاب کے لئے مختص فنڈز پنجاب کے دوسرے حصوں کو ٹرانسفر نہیں کئے جا سکیں گے تاکہ جنوبی پنجاب کی برسوں پرانی محرومیاں ختم کی جا سکیں گذشتہ روز ڈسٹرکٹ پریس کلب کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پچھلے دو سالوں کے دوران جنوبی پنجاب کے لئے مختص کردہ 265ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز سابق وزیراعلی میاں شہبازشریف نے لاہور اور اپر پنجاب کو ٹرانسفر کردیئے تھے جو جنوبی پنجاب کے ساتھ غیر معمولی امتیازی سلوک تھا انہوں نے کہاکہ قبل ازیں جنوبی پنجاب پر مشتمل 31فیصد آبادی کے لئے 17فیصد فنڈز مختص کئے جاتے تھے لیکن 2019-20ء کے بجٹ کے جنوبی پنجاب کے لئے ریکارڈ 35فیصد فنڈز مختص کئے گئے ہیں جس سے توقع ہے کہ جنوبی پنجاب میں پچھلے کافی عرصے سے رکے ہوئے ترقیاتی کام مکمل ہو سکیں گے – انہوں نے کہاکہ پچھلے دس سالوں کے دوران پاکستان کو "کاسمیٹکس” سیاست کے ذریعے چلایا گیا ہے اور خزانہ خالی ہونے کے باوجود اشتہارات کے ذریعے پنجاب اور پاکستان کو ترقی یافتہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے لیکن حقیقت میں جب انہوں نے پنجاب کے وزیرخزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا تو پنجاب کا خزانہ بالکل خالی تھا انہوں نے کہاکہ صحت‘ تعلیم‘ سڑکیں اور صاف پانی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور صرف 27کلو میٹر کی ٹرین 300ارب روپے میں چلانااب پنجاب کی ترجیحات نہیں رہی – انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر پاکستانی معیشت کو مکمل طور پر صحت مند بنانے کے لئے ہمیں کچھ سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں تاہم توقع ہے کہ ایک دو سال کے دوران پاکستان کی معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہونے سے پاکستان کاشمار بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہونے لگے گا انہوں نے کہاکہ رواں سال پنجاب میں 350ارب روپے ترقیاتی فنڈز کے لئے مختص کئے گئے ہیں جس سے توقع ہے کہ اس مالی سال کے اختتام تک پنجاب بھر میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھ جائیں گے -انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خاں کے حالیہ دورہ امریکہ سے پاکستان "آئسولیشن” سے باہر آ گیا ہے جبکہ کشمیر بارے امریکی صدر ٹرمپ کی نئی پالیسی سے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اجاگر ہوا ہے اور توقع ہے کہ اس دورے کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کا ایک نیا دور قائم ہوگا -قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا حل ہے اور توقع ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے کے بعد حقیقی طور پر نیا پاکستان ابھر کر سامنے آئے گا-انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت کاایک سال مکمل ہونے کے باوجود حکومتی سطح پر کوئی کرپشن سکینڈل سامنے نہ آنا دراصل نیا پاکستان ہے جوکرپشن کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح کا منہ بولتا ثبوت ہے -تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے نومنتخب صدر میاں احسان الحق نے پریس کلب اور صحافیوں کو درپیش مشکلات کا ذکر کیا اور صوبائی وزیر خزانہ سے جرنلسٹس کالونی کے فوری قیام کا مطالبہ کیا -تقریب سے ایم پی ایز چوہدری محمد شفیق اور چوہدری آصف مجید نے بھی خطاب کیا اور یقین دلایا کہ وہ عوامی مسائل کے حل اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے -قبل ازیں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کی نومنتخب کابینہ سے حلف لیا-تقریب میں ایم پی اے مخدوم فواز حسین ہاشمی‘ڈی سی جمیل احمد جمیل‘ ڈی پی او عمر سلامت‘ اسسٹنٹ کمشنر اعتزاز انجم‘پرنسپل خواجہ فرید کالج پروفیسر ڈاکٹر اجمل بھٹی‘ چوہدری محمد نعیم شفیق‘ ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ طالب رندھاوا‘ صدر ڈسٹرکٹ بار حسان مصطفی‘ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل مخدوم ذوالفقار حیدر‘ چوہدری محمد اکرام‘ انواراحمد نجمی‘ چوہدری محمد اشرف‘ مولاناعبدالرؤف ربانی‘ احمد شاہ ہمدانی‘ سلیم بھلر‘ ڈاکٹر اقبال حسن‘ راناراحیل احمد‘ رانامحمد خاں‘ چوہدری محمد عابد بوٹا‘ ذکاء اللہ چیمہ‘ چوہدری عبدالحمید‘ احمد خاں لنڈسمیت صحافیوں‘ شہریوں اور سول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی –

Leave a reply