قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کے لیے ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے ایک اوردرخواست جمع کرادی گئی ہے،ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دائر درخواستوں میں موقف اپنایاگیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا کی تیسری لہر میں مثبت کیسز کی شرح 12فیصد تک ہے جبکہ حلقے میں این سی او سی کی کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی سامنے آرہی ہے۔
این اے 249 کے ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کے لیے دو علیحدہ درخواستیں دی گئیں ہیں۔پہلی درخواست ایم کیوایم امیدوار حافظ مرسلین نے ریٹرننگ آفیسر کو دی جبکہ دوسری درخواست ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو ارسال کی ہے، دونوں درخواستوں میں یکساں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کرونا ایس اوپیز کے ساتھ گھر گھر انتخابی مہم چلانا مشکل ہے، ضمنی الیکشن کی انتخاب میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ممکن نہیں ہے، این اے 249 پر ضمنی الیکشن کرونا صورتحال کی بہتری تک ملتوی کئے جائیں اور الیکشن کمیشن جلد اس تناظر میں فیصلہ کرے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز رکن سندھ اسمبلی و تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کی جانب سے بھی الیکشن کمیشن کو کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کا ضمنی الیکشن جمعرات کے بجائے اتوار کو کروانے کیلئے درخواست جمع کرائی گئی تھی جبکہ کشمیرکمیونٹی نامی ایک تنظیم کی جانب سے ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔

حلقہ این اے 249 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کے لیے ایم کیو ایم نے درخواست جمع کرادی
Shares:







