فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیلی فوج پر بڑا حملہ کرتے ہوئے 6 ٹینکوں سمیت 9 فوجی گاڑیاں تباہ کردیں۔
باغی ٹی وی: غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حماس کے تازہ ترین حملے میں اسرائیلی افسر سمیت 19 ہلاکتیں ہوئیں ہیں، اس کے علاوہ مزاحمتی تنظیموں نے اسرائیلی فوج کی بٹالین کے ہیڈکوارٹر پر بھی دھاوا اور شیبا فارمز کے علاقے میں بٹالین پر ڈرون حملے سے جانی نقصان کا دعویٰ کیا ہے۔
گزشتہ روز غزہ پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے لبنان سے اسرا ئیلی علاقے کریات شمونہ میں 12 راکٹ فائر کیےجس کی وجہ سے ہرطرف آگ ہی آگ لگ گئی،اس کے علاوہ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کی 19 فوجی چوکیوں پر حملے کیے گئے ۔
غزہ میں جاری جنگ کا ذمہ دار امریکا ہے،سربراہ حزب اللہ
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کے ہزاروں فلسطینیوں کے نوکریوں کے پرمٹ منسوخ کر دئیے،اسرائیلی میڈیا کے مطابق روزانہ 18 ہزار فلسطینی غزہ سے نوکری کرنے اسرائیل آتے تھے، 7 اکتوبر کو حملوں کے بعد اسرائیل میں موجود غزہ کے 3 ہزار محنت کش فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا،تاہم ان میں سے کئی کو رہا کرنے کا دعویٰ کیا گیا لیکن فلسطینیوں کے موبائل، رقم اور دیگر اشیا اسرائیلی حکام نے واپس نہیں کیں ،اب غزہ کے فلسطینیوں کے نوکریوں کے پرمٹ منسوخ کر دئیے گئے اور غزہ کے حکام سے مکمل طور پر رابطے بھی ختم کر دئیے-
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری ہےفلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 166 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 9227 ہوگئی ہے۔








