اداکار قیصر خان نظامانی نے کہا کہ اس ملک کو بنے ہوئے پچھتر سال ہو گئے ہیں لیکن آج بھی ایسا لگتا ہے کہ ہم وہیں کے وہیں کھڑے ہیں جہاں 1947 میں تھے۔ ہمیں یہ دیکھنا اور سوچنا چاہیے کہ آزادی کے اتنے برسوں کے بعد ہم نے کیا کھویا کیا پایا۔ اگر ہم صدق دل سے بیٹھیں اور سوچیں تو محسوس ہو گا کہ ہم نے کیا کیا کھویا ہے۔ ہم آج کے دن ہی یہ طے کر لیں کہ ہم نے ماضی میں جو غلطیاں کی تھیں انہیں نہیں دہرائیں گے تو یقینا ہم بہتری کی طرف ہی جائیں گے۔
اس ملک میں ہر نسل کا انسان بستا ہے یہ ہم سب کا ملک ہے ہم اس کے وارث ہیں ہمیں اپنے بچوں کو بتانا چاہیے کہ پاکستان سے محبت کتنی ضروری ہے ۔ قیصر خان نظامانی نے کہا کہ اس روز میں اپنی گاڑی پر خاص طور پر پاکستان کا جھنڈا لگا کر باہر نکلتا ہوں اور فخر مھسوس کرتا ہوں کہ میں پاکستانی ہوں۔ یاد رہے کہ اداکار قیصر خان نظامانی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن اب وہ الگ ہو چکے ہیں اور خود کو سیاست سے ہی الگ کر لیا ہے ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی جماعت کو سپورٹ کریں لیکن مقصد پاکستان کی بہتری ہی ہونا چاہیے.