حمزہ کی ہلاکت کی ایف آئی آر وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کیخلاف درج کی جائے، خرم شیر زمان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے گارڈن ویسٹ کے علاقے میں گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے حمزہ کے گھر پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی، پی ٹی آئی رہنما اظہر لغاری، فراز لاکھانی اور دیگر موجود تھے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ ہم نے آج حمزہ کے اہل خانہ سے ملاقات کی ہے، حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے چاند جیسا بچہ حمزہ دنیا سے چلا گیا، کئی بچے کتے کے کاٹنے سے انتقال کرگئے، کئی بچے ویکسین نہ ملنے سے مرگئے، کئی بچے نالوں میں مرگئے۔ گٹر کا ڈھکنا نہ ہونے سے معصوم حمزہ انتقال کرگیا۔
انہوں نے کہا کہ اس صوبے میں حکومت کو عوام کی زندگی سے کوئی غرض نہیں ہے، حکومت سندھ کو عوام کے کسی مسئلے سے سروکار نہیں ہے، تھر میں بچے بھوک و افلاس سے مررہے ہیں، لاڑکانہ میں ایڈز سے بچے مررہے ہیں، گندا پانی پینے سے لوگ مررہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کو عوام کے بجائے بس اپنی کرپشن کی فکر ہے، یہ اسکولوں کے ڈیسکوں میں کرپشن کررہے ہیں،ہزاروں روپے بھی نہیں چھوڑتے۔
خرم شیر زمان نے کہاکہ ہم چیف جسٹس سے حمزہ کے واقعے کا نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہیں، ہم پیپلز پارٹی کا مقابلہ اسمبلیوں میں کرسکتے ہیں لیکن ہم عدالتوں میں ان بچوں کا انصاف مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے نوٹس سے ہی اس صوبے کے وزیر اعلی، ایڈمنسٹریٹر کراچی، وزیر بلدیات پر کچھ اثر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حمزہ کی ہلاکت کی ایف آئی آر مراد علی شاہ کیخلاف درج کی جائے،اس ایف آئی آر میں وزیر بلدیات اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کو نامزد کیا جانا چاہئے، یہ 3 شخص اس واقعے کے ذمہ دار ہیں۔خرم شیرزمان نے مزید کہا کہ سندھ میں دن بدن حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں،آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق زکوۃ کے محکمے میں کرپشن کی گئی۔