لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عید پر بھی مصروف دن گزارا، لاہور میں بے سہارا بچوں کی کفالت کے ادارے دارالشفقت اور چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور عید بچوں کے ساتھ منائی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز جاتی امرا میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد دارالشفقت پہنچے اور بے سہارا بچوں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹیں، بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔ انہوں نے ادارے میں فراہم کی جانیوالی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا اور اس میں بہتری کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے چلڈرن ہسپتال کے دورے پرمریض بچوں سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ریاست مدنیہ کے دعوے داروں نے ملک کو تباہ کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے بھر میں ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت معاشی بحران کا شکار ہے مگر جلد ہی قابو پا لیں گے، مسلسل محنت اور ثابت قدمی سے ہی مشکلات ختم ہوں گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے جاتی امرا میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے، جلد قوم سے خطاب میں حقائق سامنے رکھوں گا۔ کارکنان نےکوئی دن ایسانہیں چھوڑاجب ہماراساتھ چھوڑا ہو، پارٹی قیادت اور پوری جماعت کارکنان کی محبت کوبھول نہیں پائیں گے، ہمارے ساتھیوں کےخلاف ایک دھیلے کی کرپش ثابت نہیں ہوئی۔ نوازشریف نے ملک کوجہاں چھوڑا، وہیں سےترقی کےسفرکاآغازکریں گے۔








