حارث رؤف بنے حسن علی کے مہمان

0
29

حارث رؤف بنے حسن علی کے مہمان

باغی ٹی وی : ساتھی کرکٹرز "ون ففٹی” کے نام سے پکارتے ہیں، تیز رفتار باؤلنگ کی غرض سے روزانہ آدھا درجن انڈے کھاتا تھا،
حال ہی میں آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حارث رؤف کو پہلی مرتبہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے تین میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

سیریز سے قبل راولپنڈی کے معروف ٹیپ بال کرکٹر حارث رؤف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری قومی اسکواڈ کے تربیتی کیمپ کے دوران ٹیسٹ کرکٹر حسن علی کے ساتھ ایک منفرد نشست میں حصہ لیا۔ خصوصی بیٹھک میں انکشاف ہوا ہے کہ حارث رؤف ساتھی کرکٹرز میں "ون ففٹی (150)” کے نام سے مشہور ہیں۔

سینئر کرکٹر حسن علی کو انٹرویو دیتے ہوئے نوجوان فاسٹ باؤلر نے کہا کہ تیز رفتار باؤلنگ کے باعث ساتھی کرکٹر انہیں "حارث رؤف” کی بجائے "ون ففٹی” کے نام سے پکارتے ہیں۔ 26 سالہ فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مداحوں کو دستخط دیتے وقت بھی "150” کا ہندسہ درج کرنا نہیں بھولتے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم میں شمولیت سے متعلق حسن علی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے بتایا کہ وہ 2 سال قبل ٹیپ بال کرکٹ کھیلنے کی غرض سے گوجرانوالہ میں موجود تھے، انہوں نے شہر میں جاری لاہور قلندرز کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں قسمت آزمائی اور خوش قسمتی سے منتخب ہوگئے۔

ٹرائلز میں کامیابی کے بعد حارث رؤف نے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کی زیرنگرانی باؤلنگ اور فٹنس میں بہتری کے لیے بھرپور ٹریننگ شروع کردی۔ نوجوان فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ ٹیپ بال کرکٹ سے ہارڈ بال کرکٹ تک کا سفر کٹھن تھا اور اس دوران وہ تیز رفتار باؤلنگ کی غرض سے ایک روز میں آدھا درجن انڈے کھایا کرتے تھے۔

بگ بیش لیگ 20-2019 میں ملیبرن اسٹارز کی نمائندگی کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایونٹ میں شرکت سے قبل ہی عمدہ کارکردگی دکھانے کا عزم کررکھا تھا۔ فاسٹ باؤلر نے کہا کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کے آسٹریلیا میں انعقاد کے باعث وہ پرامید تھے کہ ایونٹ میں اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر وہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں۔ فاسٹ باؤلر نے واضح کیا کہ بگ بیش لیگ کے دوران وہ قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے 26 سالہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے آسٹریلیا میں جاری بگ بیش ٹی ٹونٹی لیگ کے 7 میچوں میں 16 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

نوجوان فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ کسی بھی فاسٹ باؤلر کے لیے جارحانہ مزاجی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بھی وکٹ لینے کے بعد اپنا مخصوص سلیبریشن اسٹائل ضرور اپنائیں گے۔ 26 سالہ نوجوان کرکٹر نے کہا کہ وہ ہوم کراؤڈ کے سامنے ڈیبیو کرنے کے لیے بیتاب ہیں۔

شیڈول:

24جنوری بروز جمعہ: پہلا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
25 جنوری بروز ہفتہ: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
27 جنوری بروزپیر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
7تا 11 فروری: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام راولپنڈی
3اپریل بروز جمعہ: واحد ایک روزہ میچ بمقام کراچی
5تا 9اپریل: دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام کراچی

Leave a reply