حرمین شریفین کے فضائل
عبدالرحمن ثاقب سکھر
مکہ مکرمہ ہمارے نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جائے پیدائش اور نزول وحی کی جگہ ہے۔ یہاں پر مسلمان حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے حاضر ہوتے ہیں۔ ہر مسلمان کی دلی تمنا اور خواہش ہوتی ہے کہ وہ یہاں کے مقدس سفر پر بار بار جائے اور بیت اللہ کا طواف کرے اور دنیا کی سب سے پہلی مسجد، مسجد حرام میں نمازیں ادا کرے جہاں پر ایک نماز کا اجر لاکھ نمازوں کے برابر ہے۔
بیت اللہ کا پاکیزہ اور معطر و منور ماحول ہو اور پھر امام کعبہ فضیلۃ الشیخ معالی الدکتور عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس صاحب حفظہ اللہ چیئرمین امور حرمین شریفین ہوں تو حجاج کرام اور معتمرین حضرات کے چہروں کی خوشی قابل دید ہوتی ہے اور جب وہ اپنی پیاری سی آواز سے صفیں درست کرنے کا کہتے ہیں تو لوگ کے دل خوش ہوجاتے ہیں اور پھر جب اپنی مترنم اور کھنکتی ہوئی آواز میں تلاوت قرآن مجید کرتے ہیں تو قرآن مجید کو نہ سمجھنے والے یہ تلاوت سن کر یوں محسوس کرتے ہیں کہ گویا وہ قرآن مجید کو حرف بحرف سمجھ رہے ہیں۔ اسی طرح آپ کے خطبات جمعہ بڑے ہی قیمتی اور معلوماتی ہوتے ہیں۔
کویت کے مشہور عالم دین ڈاکٹر محمد العوضی صاحب کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ شیخ عبدالرحمن السدیس صاحب حفظہ اللہ کویت کے دورے پر تھے تو شیخ محترم نے انہیں بتایا کہ جب حرم شریف کے لیے جمعہ کے خطبہ کی تیاری کرتا ہوں تو ہر خطبے کو ایک مشن سمجھ کر اس کی تیاری کرتا ہوں۔ جو بھی خطبہ دینا ہوتا ہے اس سے ایک دو روز پہلے لوگوں سے ملاقاتیں بند کردیا ہوں تاکہ پوری توجہ اور انہماک سے اپنے موضوع کا حق ادا کرسکوں۔ اور اس کے لیے مستند معلومات جمع کرسکوں۔ میں جانتا ہوں کہ یہ وہ عظیم مقام ہے جس سے بڑھ کر دنیا میں کوئی مقام نہیں۔ یہ وہ منبر رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے جہاں سے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام پوری دنیا کے لوگوں تک پہنچتا ہے۔( خطبات امام حرمین شریفین صفحہ نمبر 9)
پیغام ٹی وی چینل نے اپنے آغاز سے ہی حرمین شریفین کے خطبات جمعہ کو اردو داں طبقہ کے لیے نشر کرنے کا اہتمام کیا ہوا ہے۔ اسی طرح سے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے آرگن مجلہ ” ہفت روزہ اہل حدیث” لاہور میں تسلسل سے آئمہ حرمین شریفین کے خطبات جمعہ کو اردو زبان میں ترجمہ کرکے شائع کیا جاتا ہے۔ اب حال ہی میں پیغام ٹی وی چینل کی منیجمنٹ نے شیخ عبدالرحمن السدیس صاحب کے 2012 سے لے اہم 57 خطبات کو اُردو زبان میں شائع کرنے کا اہتمام کیا۔ جس کے لیے باقاعدہ ایک تقریب رونمائی بھی منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی عزت مآب جناب نواف سعید المالکی صاحب سفیر سعودی عرب تھے۔ جبکہ تقریب کی صدارت قائد اہل حدیث سینیٹر علامہ پروفیسر ساجد میر صاحب حفظہ اللہ امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان تھے اور خطبہ استقبالیہ محسن جماعت سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم صاحب حفظہ اللہ ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے پیش کیا۔
اس کتاب کی اشاعت پر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی قیادت اور پیغام ٹی وی چینل کی منیجمنٹ اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے بڑی خوبصورت کتاب پیش کی یہ کتاب اس وقت تحفہ میں احباب کو پیش کی گئی اور اس کے ساتھ بلبل اہل حدیث قاری القرآن محترم جناب قاری صہیب احمد میر محمدی صاحب حفظہ اللہ کی کتاب پیاری سی کتاب ” حرمین شریفین کے فضائل” بھی پیش کی گئی۔ جس پر میں قاری صہیب احمد میر محمدی صاحب کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کتب سے ہمیں مستفید ہونے کی توفیق عطاء فرمائے اور عقیدہ توحید کی محبت اور حرمین شریفین کی خدمت کرنے والے اور وہاں پر امامت وخطابت کے فرائض ادا کرنے آئمہ حرمین شریفین سے اپنی رضا کے لیے محبت کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت سے نوازے۔ آمین
طالب دعا:-
عبدالرحمن ثاقب سکھر