شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے نیٹ فلیکس سے معاہدہ شاہی خاندان پر دباؤ بڑھانے کے لیے کیا ہے شاہی تبصرہ نگار
شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی جانب سے نیٹ فلیکس کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو شاہی خاندان پر دباؤ ڈالنے کے حوالے سے ایک بڑا اقدام قرار دیا جارہا ہے۔
باغی ٹی وی :رواں برس 9 مارچ کو باضابطہ طور پر شاہی حیثیت سے علیحدگی اختیار کرنے والے برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے چند روز قبل اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کے ساتھ دستاویزی فلمیں اور شوز بنانے کا معاہدہ کیا ہے-
اس حوالے سے خبر رساں ادارے اے پی نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ 2 ستمبر بدھ کے روزکو نیٹ فلیکس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی کہ برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی سے چھ ماہ بعد ، شہزادہ ہیری اور اس کی اہلیہ میگھن نے ، اسٹریمر کے لئے ویب سیریز ، دستاویزی فلموں اور بچوں کے پروگراموں کی تیاری کے لئے ایک معاہدہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق نیٹ فلیکس اور شاہی جوڑے کے درمیان متعدد منصوبے پروڈیوس کرنے کا کئی سال کا معاہدہ طے پا گیا ہے، تاہم بیان میں معاہدے کی مدت اور دیگر شرائط نہیں بتائی گئیں۔
اے پی کے مطابق دونوں ، جو حال ہی میں کیلیفورنیا کے سانتا باربرا منتقل ہوئے ہیں نیٹ فلیکس کے لیے ان کہانیوں اور ان امور پر توجہ مرکوز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو متنوع آوازوں اور دیگر امور کو اپنے دل سے قریب رکھتے ہیں علاوہ ازیں جوڑے کا زیادہ فوکس خواتین، بچوں، نیچر، جانوروں اور ماحول سے متعلق مواد پر دستاویزی فلمیں، ڈرامے اور شوز بنانے پر رہے گا۔
نیٹ فلیکس ساتھ مواد پروڈیوس کرنے کا معاہدے طے پانے کے ساتھ ہی میگھن مارکل نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ فوری طور پر ان کا اداکاری میں واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں-
پرنس ہیری اور میگھن مارکل کے معاہدہ کرنے کے بعد شاہی خاندان کے حوالے سے مانے جانے والے شاہی تبصرہ نگار نے جوڑے پر اس حوالے تنقید والے انداز میں کہا کہ دونوں نے یہ معاہدہ دراصل شاہی خاندان پر دباؤ بڑھانے کے لیے کیا ہے۔
برطانوی شاہی تبصرہ نگار ڈنکن لارکومبے نے ٹرو رائلٹی کے ٹی وی دی رائل بیٹ سے گفتگو کے دوران کہا کہ اس کرہ ارض پر کوئی بھی شخص یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ برطانوی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والا کوئی فرد کسی بھاری تنخواہ کے لیے کوئی ملازمت حاصل کرنا چاہے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں نیٹ فلیکس کی جانب سے یہ معاہدہ کبھی نہ ملتا اگر ان کی شاہی حیثیت نہ ہوتی یہ تو ان کی عوامی حیثیت ہے کہ ان کا یہ معاہدہ ہوا۔
ڈنکن لارکومبے کا کہنا تھا کہ شہزادہ ہیری کے بغیر میگھن کی حیثیت ایک اوسط درجے کی اداکارہ سے زیادہ نہیں جو کہ ایک امریکی شو میں کام کرتی تھیں جسکا شاید ہی کسی برطانوی شہری کو معلوم ہو۔ جبکہ اس وقت وہ ایک ایسی حیثیت کی حامل ہیں جو کہ پاپ سے بھی زیادہ ہے۔
شاہی سوانح نگار انجیلا لیوون نے بھی اس گفتگو میں شامل ہوتے ہوئے کہا کہ ہمارے عہد میں یہ شاہی خاندان کا سب سے بڑا استحصال (بلیک میلنگ) ہے، انھوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ یہ ایک منصوبہ تھا جو کہ ان کی شادی سے بھی پہلے بنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میگھن شاہی خاندان اور شہزادہ ہیری کو استعمال کرتے ہوئے ایک سی درجے کی اداکارہ سے دنیا کی مشہور اور متعمول ترین خاتون بن گئی ہیں۔
واضح رہے کہ میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری نے مئی 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں اگلے ہی سال بیٹے کے پیدائش ہوئی بیٹے کی پیدائش کے چند ماہ بعد ہی دونوں نے شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور رواں برس 9 مارچ کو انہوں نے باضابطہ طور پر شاہی حیثیت سے علیحدگی اختیار کی تھی شاہی حیثیت چھوڑنے کے بعد ابتدائی طور پر وہ کینیڈا منتقل ہوگئے تھے تاہم بعد ازاں وہ امریکا منتقل ہوگئے اور اس وقت دونوں نیویارک میں رہائش پذیر ہیں-