پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف ڈرامہ نویس، مصنفہ اور مکالمہ نگار حسینہ معین نے زندگی بھر شادی نہیں کی تھی۔
باغی ٹی وی : 26 مارچ کو 79 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرنے والی حسینہ معین نے کچھ برس قبل سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کے ویب انٹرویو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے زندگی کے نشیب و فراز کے حوالے سے بات چیت کی وہیں اپنی شادی نہ کرنے کی وجہ بھی بتائی تھی-
میزبان ثمینہ پیرزادہ کے شادی کے حوالے سے سوال کہ زندگی تنہا گزار دی، کبھی شادی کا خیال کیوں نہ آیا کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ پریشانی میری اماں کو بھی لاحق رہتی تھی مجھے لگتا ہے کہ میں شادی کے لیے نہیں بنی، خدا نے سب کا جوڑ بنایا، مگر میرا جوڑ شاید کہیں کھو گیا ہے اس لیے میں نے شادی نہیں کی۔
شادی نہ کرنے پر افسوس کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے حسینہ معین نے کہا کہ انہیں شادی نہ کرنے کا کوئی ملال نہیں ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ رات میں اکثر جب مجھے کہیں جانا ہو اور ڈرائیور نہ ہو تو مجھے احساس ہوتا ہے کہ ابھی کوئی ہوتا تو مجھے یہ پریشانی نہ ہوتی۔