کشتی حادثہ 23 لاپتہ افراد کا 20 روز گذرنے کے باوجود بھی کچھ پتہ نہیں

برگ کے مقام پر حادثہ کا شکار ہونے والی کشتی کے 23 لاپتہ افراد کا 20 روز گذرنے کے باوجود بھی کچھ پتہ نہیں چل سکا
ہری پور۔ 23 جولائی (اے پی پی) برگ کے مقام پر حادثہ کا شکار ہونے والی کشتی کے 23 لاپتہ افراد کا 20 روز گذرنے کے باوجود بھی کچھ پتہ نہیں چل سکا، لواحقین نے حکومت سے لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق 20 روز قبل تورغر سے ہری پور آنے والی کشتی برگ کے مقام پر الٹ گئی جس میں تقریباً 40 کے قریب مرد، خواتین اور بچے سوار تھے۔ حادثہ کے وقت13 افراد اپنی مددآپ کے تحت جان بچانے میں کامیاب ہو گئے جبکہ بعد ازاں چار بچوں کی نعشیں اسی روز پانی سے نکال لی گئیں جس کے بعد پاک فوج اور ریسکیو اداروں اور پاک نیوی کی ٹیم نے بھی لاپتہ مسافروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کیا لیکن 20 روز گذر جانے کے باوجود بھی کسی لاپتہ مسافر کی نعش نہیں مل سکی جس کے باعث ان کے لوا حقین شدید پریشانی اور مشکلات سے دوچار ہیں جو روزانہ حادثہ کی جگہ اور تربیلاجھیل کے مختلف حصوں میں آ کر اپنے پیاروں کی تلاش میں رہتے ہیں۔ ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ تربیلا جھیل کے زیادہ تر حصہ کو سرچ کیا جا چکا ہے لیکن کوئی نعش نہیں مل سکی جبکہ پانی میں الٹ جانے والی کشتی کو بھی پانی کے تیز بہاؤ کے باعث سیدھا نہیں کیا جا سکا۔ لاپتہ افرادکے لواحقین اور علاقہ مکینوں نے مرکزی اور صوبائی حکومت سے لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے

Comments are closed.