ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران ہیروز کی خدمات کا اعتراف

باغی ٹی وی : ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ایڈیشن 2020 کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے ہیروز کی خدمات کا اعتراف کرنے کا فیصلہ کیا۔

ملک کا نام روشن کرنے والے ان ہیروز کی خدمات کا اعتراف لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے دوران کیا جائے گا۔ "ان وریکس "کے تعاون سے شروع ہونے والی اس مہم میں تعلیم، آرٹ، ثقافت، موسیقی، اسپورٹس، سوشل ورک، ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبہ میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے ستاروں کو "ہمارے ہیروز” کا حصہ بنایا جائے گا۔

پی سی بی کرکٹ کے مداحوں کو بھی اس مہم کا حصہ بنارہا ہے۔ شائقین کرکٹ اپنے پسندیدہ "ہمارے ہیرو” کو ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شامل کرنے کے لیے ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ویب سائٹ پر ووٹ کرسکتے ہیں۔

بابرحامد، ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی :

ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابر حامد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں باصلاحیت افراد کی کمی نہیں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کامیابیاں حاصل کرنے والے لاتعداد افراد کا تعلق اس ملک سے ہے، اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں ان "ہمارے ہیروز” کی خدمات کے اعتراف کا فیصلہ کیا۔

ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی نے کہا کہ ان اقدام سے نہ صرف ہمارے ہیروز کی حوصلہ افزائی ہو گی بلکہ آئندہ نسلوں کو بھی ملک کا نام روشن کرنے کی ترغیب ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ شائقین کرکٹ سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مہم کا حصہ بنیں اور اپنے پسندیدہ ہیروز کے نام بذریعہ ووٹنگ پی سی بی کو بھجوائیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا آغاز بیس فروری سے ہوگا۔ بائیس مارچ تک جاری رہنے والی لیگ کے 34 میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلےجائیں گے۔ ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

لیگ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ www.yayvo.com پر دستیاب ہے جبکہ شائقین کرکٹ ٹی سی ایس کے ایکسپریس سنٹرز سے بھی ٹکٹ خریدسکتے ہیں۔

Shares: