اوچ شریف باغی ٹی وی نامہ نگار (حبیب خان)ہیڈ پنجند پر سیاحوں کو دیسی مچھلی کے نام پر زہر دیا جانے لگا، فوڈ اتھارٹی منظر سے غائب

تفصیل کے مطابق مشہور سیاحتی مقام ہیڈ پنجند پر دیسی مچھلی کے نام پر مہنگے داموں بوسیدہ فارمی مچھلی فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق سیاحوں کو دھوکے سے ناقص فارمی مچھلی فراہم کی جا رہی ہے، جسے بار بار استعمال شدہ زہریلے تیل میں تل کر پیش کیا جاتا ہے۔

یہ غیر معیاری بوسیدہ تلی ہوئی مچھلی نہ صرف سیاحوں کی جیب پر بھاری پڑ رہی ہے بلکہ ان کی صحت کے لیے بھی سنگین خطرہ بن کر انہیں مختلف خطرناک بیماریوں میں مبتلا کر رہی ہے۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ ہیڈ پنجند جیسے مشہور مقام پر تلی ہوئی مچھلی کا معیار انتہائی ناقص ہے اور صورتحال انتہائی مایوس کن ہوچکی ہے۔

ایک سیاح نے بتایا، "ہم دیسی مچھلی کھانے کی توقع لے کر یہاں آئے تھے لیکن ہمیں بوسیدہ فارمی مچھلی مہنگے داموں فروخت کی گئی، مچھلی کھانے سے معدہ میں انتہائی جلن پیدا ہوئی اور گیس سے پیٹ بھر گیا، دیکھتے ہی دیکھتے پیٹ میں مروڑ اٹھا اور مجھے دست لگ گئے۔ ایک ہفتہ علاج کرانے کے بعد صحت بحال ہوئی۔

ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کے ناقص کھانے میں استعمال شدہ تیل اور مصالحے متعدد بیماریوں جیسے جگر کے مسائل اور نظام انہضام کی خرابی کا باعث بن سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس مسئلے کے طویل المدتی اثرات صحت پر انتہائی منفی ہو سکتے ہیں۔

شہریوں اور سیاحوں نے محکمہ فوڈ اتھارٹی اور مقامی انتظامیہ کی غفلت پر شدید احتجاج کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس غیر معیاری کاروبار کے خلاف کارروائی کی جائے۔

عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو نہ صرف سیاحتی مقام ہیڈ پنجند کی شہرت متاثر ہوگی بلکہ سیاحوں اور مقامی لوگوں کی صحت بھی مزید خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

Shares: