اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے ہیڈ پنجند کے مقام پر سرکاری اراضی پر قبضہ‘ دکانیں‘ مکان تعمیر کرنیکا انکشاف ، عوامی وسماجی حلقوں میں شدید تشویش ، قابضین سے سرکاری رقبہ واگذار کراتے ہوئے اصلاح احوال کا مطالبہ ۔
تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے ہیڈ پنجند کے مقام پر محکمہ انہار کی ملکیتی اربوں روپے کی سینکڑوں ایکڑ اراضی پر قبضہ مافیا نے پنجے گاڑ لیے ہیں جہاں دکانیں و مکان تعمیر کرلئے گئے ہیں ایکسین اور ایس ڈی او محکمہ انہار ہیڈ پنجند اور تحصیلدار، پٹواری سمیت دیگر ریونیو افسران قابضین سے مل گئے ہیں
ہیڈ پنجند نلکہ اڈا کے مقام پرہیڈ پنجند کی ملکیت اربوں روپے کی سینکڑوں ایکڑ اراضی پر قبضہ مافیا نے عمارتوں کی تعمیرات جاری رکھی ہوئی ہیں اب تک سرکار کی اراضی پرمتعددکانیں ومکانات تعمیر کیے جاچکے ہیں جبکہ کئی کئی کنال رقبوں پر حدبندیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے مبینہ اطلاع کے مطابق متعدد سرکاری پلاٹس پر قبضے ہوچکے ہیں
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سرکار کی ملکیت اس اراضی پر کیے جانے والے ناجائز قبضوں میں ریونیو افسران سمیت دیگر حکام ملوث ہیں جو قبضے کیے جاچکے ہیں ان کا حصہ ان افسران تک پہنچایا جاچکا ہے ان میں سے چند قبضہ گروپوں نے قبضہ جمانے کے بعد قیمتی پلاٹ فروخت کرڈالے ہیں اور چند نے قبضہ جمانے کے بعد وہاں پختہ تعمیرات قائم کرلی ہیں جن میں ہوٹل، دکانیں ، مکانات وغیرہ شامل ہیں
اس مافیا میں زیادہ تر جرائم پیشہ افراد شامل ہیں جنہیں بااثر شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائیوں سے گریز کیا جاتا ہے۔متعلقہ حکام اول تو قبضہ مافیا کی سرگرمیوں کی طرف سے چشم پوشی اختیار کرلیتے ہیں تاہم عوامی دباؤ پر محض خانہ پری یا کاغذی کارروائی کے طور پر لیٹر جاری کیے جاتے ہیں جو سرخ فیتے کی نذر ہوجاتے ہیں
قبضہ مافیا کے بعض گروپوں کو بااثرسیاسی جماعتوں کی سرپرستی بھی حاصل ہوتی ہے جو سیاسی جماعتوں کی ریلیوں ، جلسے اور جلوسوں میں ان کے پرچم اٹھائے شریک ہوتے ہیں اور ان جماعتوں کومبینہ طور پر فنڈز بھی مہیا کرتے ہیں جبکہ ان کی سیاسی خدمات کے عوض سیاسی جماعتیں ان قبضہ گروپوں کومکمل طور سے مدد فراہم کرتی ہیں
خاص طور پر برسراقتدار جماعتیں بیوروکریسی کو ان کے معاملات سے چشم پوشی اختیار کرنے کی ہدایت کرتی ہیں جس سے عوامی سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سرکار کی ملکیتی اراضی قابضین سے واگزار کروانے کے لیے ازخودنوٹس لیتے ہوئے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے