یونان (اے پی پی) یونان میں ہیلی کاپٹر بجلی کی تاروں سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 3افراد ہلاک ہوگئے.
تفصیلات کے مطابق یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے جنوب میں واقع جزیرہ میں پرائیویٹ ہیلی کاپٹر بجلی کی تاروں سے ٹکرانے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا. جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 3افراد ہلاک ہو گئے۔ جزیرہ کے میئر یانیس دیمیتریادیس نے بتایا ہے کہ نجی ہیلی کاپٹر کو پوروس سے ایتھنز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جانا تھا تاہم دوران پرواز ہیلی کاپٹر پوروس کے قریب ہی ہائی ٹنشن بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی اور وہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔
کوسٹ گارڈ کے عملہ نے امدادی کارروائیوں سے ہیلی کاپٹر پر سوار 2 روسی شہریوں اور یونانی پائلٹ کی لاشیں سمندر سے برآمد کر لی ہیں۔ تاہم ابتدائی طور پر واضح نہیں کیا گیا کہ ہیلی کاپٹر میں کُل کتنے افراد سوار تھے۔