کیا کیماڑی میں زہریلی گیس کوئی جن یا بھوت پھینک کر چلے جاتے ہیں؟ الطاف شکور
پچھلی ہلاکتوں کو ایک سال گزر گیا اور تازہ سانحہ رونما ہوگیا،چیف جسٹس نوٹس لیں، خدانخواستہ اگر کوئی دہشت گرد زہریلی گیس چھوڑ گیا تو کیا حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھی رہے گی؟دنیا بھرکو جگ ہنسائی کا موقع نہ دیا جائے، واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات، ذمہ داران کو گرفتار اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے

کراچی ، پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے گذشتہ روز ایک مرتبہ پھر کیماڑی میں زہریلی گیس سے شہریوں کی ہلاکتوں اور متاثر ہونے کے واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقاتی ادارے اور واقعات کی روک تھام کی ذمہ دار اتھارٹیزایک سال سے کیا کررہی ہیں؟ رواں سال ماہ فروری میں بھی زہریلی گیس سے متعدد شہریوں کی ہلاکت اور 500سے زائد افراد کے متاثر ہونے کا واقعہ ہوا اور پولیس آج تک صرف نامعلوم شخص،نامعلوم جگہ اور نامعلوم گیس پھینکنے کی رپورٹ تک محدود رہی ہے اور آج ایک مرتبہ پھر کیماڑی میں زہریلی گیس سے دو جانیں ضائع ہوگئیں اور22سے زائد شہری متاثر ہوئے مگر حکومت ٹس سے مس نہ ہوئی جبکہ ماہ فروری میں اس واقعہ میں سویا بین آئل سے لدے جہاز کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا مگر حکومت نے ملوث جہاز کو قبضے میں لینے کے بجائے پورٹ چھوڑنے کی اجازت دیدی۔ حکومت اور تحقیقاتی اداروں کے کردار سے دنیا بھر میں ملک کی جگ ہنسائی ہورہی ہے۔

خدانخواستہ اگر کوئی دہشت گرد زہریلی گیس چھوڑ گیا تو کیا حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھی رہے گی؟اگر سویا بین کے جہاز کے آنے سے یہ واقعات نہیں ہورہے توزہریلی گیس آخر کہاں سے آرہی ہے۔پچھلے واقعہ کوتقریباً ایک سال ہوتے ہی اور ایک تازہ سانحہ بھی رونما ہوچکا ہے، اب تک درست سمت پر تحقیقات کیوں نہیں کی گئی؟غفلت اور نااہلی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو خدشہ ہے کہ کسی دن کیماڑی کے ہزاروں مکین زہریلی گیس سے موت کے منہ میں چلے جائیں گے۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے استدعا کرتی ہے کہ وہ اس واقعہ کا فوری ازخود نوٹس لیں اور جواب طلبی کرکے انسانی جانوں کے ضیاع کو روکیں۔ زہریلی گیس کے پھیلاؤ کے ذمہ داران کی گرفت کرکے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں الطاف شکور نے کہا کہ کیا حکومت نے شہریوں کو لاوارث چھوڑدیا ہے؟ تحقیقاتی اداروں کو جب معلوم ہی نہیں کہ قاتل کون ہیں اور کس چیز سے شہریوں کا اجتماعی قتل کیا جارہاہے تو یہ صورتحال نہ صرف لمحہ فکریہ ہے بلکہ حکومت کے لئے سوالیہ نشان ہے اورنت نئے شکوک و شبہات کو جنم دے رہی ہے۔کیا زہریلی گیس کوئی جن یا بھوت پھینک کر چلے جاتے ہیں؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی متاثرہ مظلوم شہریوں کو انصاف دلانا چاہتی ہے اور اس معاملے پر متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے بھی تیارہے

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کی بلدیاتی کمیٹی کے رکن سردار ذوالفقار نے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم ولادت کے موقع پر شہر بھر میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی پی کے زیر اہتمام ضلعی سطح پر ریلیاں نکالی جائیں گی اور ریلیوں میں امریکی جیل میں قید پاکستانی قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے بھی آواز بلند کی جائے گی۔ پاکستانی قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی امریکی جیل میں قید ہے اور حکمران اس کی رہائی کے لئے عملی اقدامات نہیں کررہے جو کہ افسوسناک ہے۔ وہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں پاسبان ایگزیکٹیو کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر حامد صدیقی،کلیم اللہ ملک،زمان خان انقلابی،میاں ریاض، خالد صدیقی ایڈوکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔

Shares: