کراچی : نجی اسکول میں خواتین واش روم میں خفیہ کیمروں کا انکشاف ،اطلاعات کے مطابق شہر قائد کے نجی اسکول میں خواتین واش روم میں خفیہ کیمروں کا انکشاف سامنے آیا، محکمہ تعلیم کی ٹیم نے واش روم سے خفیہ کیمرے بر آمد کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسکول میں خواتین واش روم میں خفیہ کیمروں کا انکشاف ہوا، جس کے بعد خواتین نے محکمہ تعلیم کو خفیہ کیمروں سے متعلق شکایت کی۔
شکایت پر محکمہ تعلیم کی ٹیم نے اچانک اسکول کا دورہ کیا اور دورے کے دوران خواتین واش روم سے خفیہ کیمرے بر آمد کرلیے گئے، کیمروں کو واش روم کی دیواروں میں سوئچ بورڈز کی طرح نصب کیا گیا تھا۔
محکمہ تعلیم کے حکام کےمطابق محکمہ تعلیم کی ٹیم نے بدھ کے روز اسکول کا دورہ کیا تھا، دورے کے دروان خواتین کےواش روم سے خفیہ کیمرے بر آمد کیے گئے۔محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ نجی اسکول میں خفیہ کیمرے سے خواتین کی ویڈیوز بنائی جاتی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ویجیلنس ٹیم نے خفیہ کیمروں سے متعلق رپورٹ محکمہ تعلیم کو جمع کروادی۔حکام کا بتانا ہے کہ اسکول انتظامیہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ واقعہ کی تحقیقات کیلیے محکمہ کی جانب سے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
نوٹی فیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کیمرے دیواروں کے اندر سوراخ میں رکھے گئے تھے۔ یہ کیمرے واش روم میں واش بیسن کے ساتھ والی دیوار میں نصب تھے، جس سے واش رومزکے اندراور باہر آنے جانے والوں کی نقل و حرکت بخوبی مانیٹر کی جا سکتی ہے۔
مذکورہ واقعہ پر محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے اسکول سے وضاحت طلب کی گئی تھی، تاہم انتظامیہ کمیٹی کے طلب کرنے پر نہیں گئی۔ اسکول کی جانب سے واقعہ پر وضاحت نہ دینے پر محکمے کی جانب سے سیکشن 8 ون کے تحت اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے، جس کا اطلاق فوری طورپرہوگا۔